نئی دہلی : معتمد خارجہ ہرش وردھن شرنگلا نے آج دو ٹوک انداز میں کہا کہ ہندوستان کی علاقائی سالمیت پر قوم ہرگز سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ وہ انڈین کونسل آف ورلڈ افیرس کے زیراہتمام ورچول ایونٹ کے دوران عالمی وباء کے حالات میں ہندوستانی ڈپلومیسی کا وسیع تر منظر کے زیرعنوان لکچر دے رہے تھے ۔ علاقائی سالمیت کا تذکرہ انہوں نے ظاہر طور پر ہند ۔ چین سرحدی کشیدگی کے پس منظر میں کیا ہے ۔ مشرقی لداخ میں ان دنوں فوجی نقل و حرکت جاری ہے ۔ کورونا وائرس کے تعلق سے شرنگلا نے کہا کہ اس سے پوری زندگی پر اثر پڑا ہے ۔