ریاض،31 مئی (یواین آئی) سعودی عرب آج 31 مئی سے نئے عمرہ سیزن کیلئے عمرہ ویزے کا اجراء شروع کر دے گا، اس سال حج کے اختتام کے بعد 1448 ہجری کے سیزن کی تیاریوں کا آغاز ہو گا۔ وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ نئے عمرہ سیزن کیلئے ویزے کا اجراء اور بین الاقوامی زائرین کی آمد آج سے شروع ہوگی اور 23 مارچ 2027 تک جاری رہے گی۔ حجاج کرام کو اب حکومت کی نسک ایپلی کیشن کے ذریعہ مکہ میں داخل ہونے اور عمرہ کے اجازت نامے حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔ یہ پلیٹ فارم پرمٹ، بکنگ اور حج کی خدمات کیلئے کنگڈم کے متحد ڈیجیٹل گیٹ وے کے طور پر کام کرتا ہے ۔ وزارت نے کہا کہ 9مارچ 2027، شوال 1,1448ہجری کے مطابق، عمرہ ویزے جاری کرنے کی آخری تاریخ ہوگی۔ سعودی عرب میں داخلے کی آخری تاریخ 23مارچ 2027ہوگی جبکہ تمام عمرہ زائرین کو 7 اپریل 2027تک مملکت سے روانہ ہونا ہوگا۔