عوام کو 24 گھنٹے میں پاسپورٹ کی ڈیلیوری

   

ریجنل پاسپورٹ آفیسر کی چیف پوسٹ ماسٹر جنرل سے ملاقات
حیدرآباد۔/10 نومبر، ( سیاست نیوز) ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا نے آج چیف پوسٹ ماسٹر جنرل تلنگانہ سرکل ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی سے ملاقات کی اور پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندرس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ تلنگانہ میں ریجنل پاسپورٹ آفس کے تحت 14 پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر کام کررہے ہیں۔ ان مراکز کا انتظام ریجنل پاسپورٹ آفس اور ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ کے عہدیداروں اور ملازمین کی جانب سے کیا جاتا ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق 735 درخواستوں کی یکسوئی کی جاتی ہے جو پاسپورٹ اور پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ سے متعلق ہوتی ہیں۔ دونوں عہدیداروں نے پاسپورٹ سیوا کیندر میڑچل میں کمیونکیشن ٹاور کے قیام اور ملازمین کی تعداد میں اضافہ سے اتفاق کیا تاکہ بہتر خدمات فراہم کی جاسکیں۔ بالیا نے بتایا کہ ریجنل پاسپورٹ آفس اسپیڈ پوسٹ کے ذریعہ روزانہ 3 ہزار پاسپورٹ جاری کرتے ہوئے ڈسپاچ کرتا ہے۔ یہ پاسپورٹ اندرون 24 گھنٹے پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ درخواست گذاروں تک پہنچائے جاتے ہیں۔ ریجنل پاسپورٹ آفس اور پوسٹل ڈپارٹمنٹ نے پاسپورٹ ڈیلیوری اور دیگر خدمات کو باہمی اشتراک سے مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔