طے شدہ شیڈول پر کام کی تکمیل ناممکن، 12-6-5 اور 13 ستمبر کو خصوصی مہم چلانے الیکشن کمیشن کا فیصلہ
حیدرآباد۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں الیکشن کمیشن کے تحت جاری ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی کا عمل انتخابی عملے کی شدید لاپرواہی۔ ناقص منصوبہ بندی اور سنگین انتظامی بدنظمی کے باعث شدید سست روی کا شکار ہوگیا ہے۔ فیلڈ سطح پر بی ایل اوز سے لے کر EROs کے دفاتر تک پھیلے ابتر انتظامات کی وجہ سے جہاں ایک طرف عوام میں شدید برہمی اور بیزارگی پائی جاتی ہے وہیں دوسری طرف الیکشن کمیشن کی جانب سے طے کردہ سخت شیڈول کے مطابق اعتراضات کی سماعت اور حتمی ووٹر لسٹ کی تیاری کے تمام امکانات معدوم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انتخابی عملے کی جانب سے نوٹسیں کی اجرائی اور جانچ پڑتال کے سنسنی خیز اعداد و شمار انتظامی ناکامی کو بے نقاب کررہے ہیں۔ ریاست بھر میں جملہ 92,88,112 لاکھ ووٹرس کی تفصیلات میں بے ضابطگیاں اور غلطیاں پائی گئی تھیں جن میں سے اب تک محض 31,74,952 لاکھ نوٹسیں ہی متعلقہ ووٹرس میں تقسیم کئے جاچکے ہیں جبکہ لاکھوں نوٹسیں کی تقسیم ابھی زیر التواء ہے۔ EROs 119 اور AEROs 1973 کی موجودگی کے باوجود اب تک اے ای آر اوز سطح پر صرف 1,94,737 لاکھ نوٹسوں کی سماعت مکمل ہوسکی ہے۔ نوٹسوں کی مدت ختم ہونے کے باوجود لاکھوں ووٹرس سماعت کیلئے دیئے گئے پتہ اور وقت پر نہیں پہنچ رہے ہیں۔ ووٹرس کا کہنا ہیکہ فارمس کی عدم دستیابی، گھنٹوں کی قطاریں اور عہدیداروں کے نامناسب رویہ کے باعث وہ اپنے روزگار کا نقصان کرکے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔ 17 اگست کو شائع کردہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ کے بعد سے الیکشن کمیشن کو اب تک جملہ 9,07,292 دعوے اور اعتراضات موصول ہوچکے ہیں۔ نئے ووٹرس کے اندراج کے لئے فارم 6 کے تحت 3,94,517 لاکھ۔ این آر آئی ووٹرس کیلئے (فارم 6-A) 6346 درخواستیں، نااہل اور غلط ووٹرس کے فام حذف کرنے پر اعتراضات کے فارم 7 کے تحت 48,752 درخواستیں وصول ہوچکی ہیں۔ ناموں اور پتے میں درستگی کیلئے 4,57,677 فارم 8 کے تحت درخواستیں وصول ہوچکی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اعتراضات کے جائزہ اور تدارک کی آخری تاریخ 15 اکتوبر مقرر کی ہے لیکن اعتراضات کے اس پہاڑ اور زیر التواء رہنے والے کیسس کی وجہ سے اس ڈیڈ لائن تک کام مکمل ہونا ناممکن نظر آرہا ہے۔ عوام کی بڑھتی ہوئی بیزارگی اور وقت کی قلت کو دیکھتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ووٹرس کی سہولت کے لئے 12-6-5 اور 13 ستمبر کو ریاست کے تمام پولنگ اسٹیشنس پر دو مرحلوں میں خصوصی نظرثانی (SIR) مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولنگ بوتھس پر ڈرافٹ لسٹ کے ساتھ ساتھ منتقل شدہ، انتقال کر جانے والے اور ڈپلکیٹ ووٹرس کی فہرستیں رکھی جائیں گی۔ شہری وہاں جاکر اپنے نام کی تصدیق کرکے فارم 7-6 اور 8 کے ذریعہ موقع پر ہی درخواستیں دے سکتے ہیں۔ 2؍F
مسودہ ووٹر لسٹ پر آن لائن یا ERO دفاتر میں دعوے اور اعتراضات جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 ستمبر رہے گی۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے تمام اہل شہریوں سے ان خصوصی کلیمپس سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ 2؍F