عیدگاہ مقطعہ مدار صاحب کی اراضی پر حیدرآباد میٹرو پولیٹن اتھاریٹی کا دعویٰ

   

وقف بورڈ سے پارکنگ کیلئے کرایہ پر دینے کے فیصلہ کے بعد نیا تنازعہ

حیدرآباد۔25۔مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ ریاستی حکومت کے دیگر محکمہ جات اور اداروں کے ساتھ جاری تنازعات کی یکسوئی میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کی جانب سے توجہ دہانی کے باوجود ان امور پر توجہ دینے کے بجائے تحفظ کے لئے درخواست داخل کرنے والوں کو اپنے طور پر ان جائیدادوں کے تحفظ کے لئے پیروی کے لئے کہا جا رہاہے۔قدیم عیدگاہ مقطعہ مدار صاحب جو کہ 1ایکڑ 11گنٹے پر محیط ہے اس عیدگاہ کے دستاویزات محکمہ پولیس کے عہدیداروں کو دکھائے جانے پر پولیس عہدیدار یہ کہہ رہے ہیں کہ وقف سے متعلق دستاویزات کی ان کے پاس کوئی اہمیت نہیں ہے اور نہ ہی گزٹ کی کوئی اہمیت باقی رہی ہے اسی لئے ان دستاویزات کو ’ٹشو‘ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے پھینک دیا جائے ۔اس سلسلہ میں متولی نے جب چیف اگزیکیٹیو آفیسر سے شکایت کی تو انہیں یہ کہاگیا کہ وہ اپنے طور پر مذکورہ عہدیدار کے خلاف کاروائی کریں اور اعلیٰ عہدیداروں کو صورتحال سے واقف کروائیں تاکہ حقائق کا علم ہوسکے۔ عیدگاہ مقطعہ مدار صاحب جو کہ نکلس روڈ سے متصل ہے اس عیدگاہ کو تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے پارکنگ کے لئے کرایہ پر دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے مقامی ذمہ داروں کے حوالہ کرنے کے احکام جاری کئے گئے تھے لیکن حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے اس انتہائی قیمتی اراضی پر اپنا دعویٰ پیش کرتے ہوئے اس اراضی کو حاصل کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے اور جن لوگوں کو پارکنگ کی اجازت فراہم کی گئی ہے انہیں پارکنگ کرنے سے روکنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی ملکیت اس اراضی پر کی جانے والی بے جا مداخلت کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ کو واقف کرواتے ہوئے ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں سے مذاکرات کی خواہش کی گئی لیکن سی ای او وقف بورڈ اس عیدگاہ کی اراضی پر پیدا ہونے والے اس تنازعہ کو حل کرنے کے لئے فوری طو رپر اقدامات کے بجائے اس معاملہ میں بورڈ سے رجوع ہونے والوں کو یہ کہہ رہے ہیںکہ وہ اپنے طور پر حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کرنے کے اقدامات کریں۔ اسی طرح خیریت آباد حلقہ اسمبلی کے علاقہ مقطعہ بھولے صاحب میںموجود قبرستان کی اراضی جو کہ 8ہزار مربع گز سے زائد ہے اس کے تحفظ کے سلسلہ میں کی جانے والی شکایات کو بھی مسلسل نظر انداز کیا جا رہاہے اور بورڈ میں موجود عملہ کی جانب سے اس قبرستان کی فائل اور اس سے متعلق تیار کی گئی رپورٹ کو پیش کرنے میں کوتاہی کی جا رہی ہے تاکہ محکمہ مال اس قبرستان کے متعلق رپورٹ کی عدم وصولی کی بناء پر اپنی رپورٹ خانگی دعویدارجو قبرستان کی اس اراضی پر اپنا دعویٰ پیش کرتے ہوئے عدالت سے رجوع ہوئے ہیں ان کے حق میں رپورٹ پیش کریں۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ میں خدمات انجام دینے والے بدعنوان عہدیداروں کے خلاف حکومت کی جانب سے عدم کاروائی اور عہدیداروں کی من مانی کے نتیجہ میںان قیمتی جائیدادوں کو نقصان ہونے لگا ہے۔ ذرائع کے مطابق بی ایس مقطعہ قبرستان کی اراضی کے سلسلہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد اسے لیگل شعبہ کو روانہ کرتے ہوئے تعطل کا شکار بنانے کی منظم سازش کی جار ہی ہے۔3