غریبوں کی مدد اور ان کے چہرہ پر خوشی بکھیرنا کانگریس قائدین کی اولین ترجیح: میناکشی نٹراجن

   

حقیقی کارکنوں سے انصاف ہوگا، حکومت کی کارکردگی قابل ستائش،پردیش کانگریس کمیٹی کا توسیعی اجلاس
محنت کرنے والے کارکنوں کو 10 مارچ تک نامزد عہدے، راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس پارٹی کی نئی انچارج میناکشی نٹراجن نے قائدین اور کارکنوں سے کہا کہ وہ غریبوں کے چہروں پر خوشی بکھیرنے کی مساعی کریں اور یہی حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت رہے گی۔ میناکشی نٹراجن نے تقرر کے بعد پہلی مرتبہ آج حیدرآباد میں پردیش کانگریس کمیٹی کے توسیعی اجلاس میں شرکت کی۔ تقریباً 4 گھنٹوں تک جاری رہنے والے اجلاس میں میناکشی نٹراجن نے حکومت کی کارکردگی اور پارٹی کے استحکام پر قائدین کی رائے حاصل کی۔ میناکشی نٹراجن نے حکومت کی اسکیمات کو غریب عوام تک پہنچانے کا قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اسکیمات کو مستحق خاندانوں تک پہنچانا ہر کسی کی ذمہ داری ہے اور جب تک اسکیمات سے غریبوں کو فائدہ نہیں ہوگا ، اس وقت تک حقیقی کامیابی تصور نہیں کی جائے گی۔ توسیعی اجلاس کی صدارت صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ریاستی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ اسمبلی و کونسل اور پارٹی کے سینئر قائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔ میناکشی نٹراجن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کارکنوں اور قائدین کو ترجیحات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں کی جدوجہد کے نتیجہ میں ریاست میں پارٹی کو اقتدار حاصل ہوا ہے۔ راہول گاندھی نے دستور کے تحفظ کیلئے بھارت جوڑو یاترا کا اہتمام کیا اور نوجوانوں میں شعور بیدار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس جیسی پارٹیوں سے ہمیں مسلسل جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ کانگریس پارٹی نے ملک کی آزادی کیلئے جدوجہد کی تھی اور قائدین نے قربانیاں پیش کیں۔ کانگریس کارکن ملک کے لئے آج بھی جدوجہد کیلئے تیار ہے۔ میناکشی نٹراجن نے ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے غریبوں کی بھلائی کیلئے مختلف اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے۔ گزشتہ دس برسوں میں کانگریس کارکنوں نے غیر معمولی جدوجہد کی جس کے نتیجہ میں پارٹی کو اقتدار حاصل ہوا۔ انہوں نے تیقن دیا کہ جدوجہد کرنے والے کارکنوں کو پارٹی اور حکومت نے مستحقہ مقام دیا جائے گا ۔ حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کی ذمہ داری کارکنوں کی ہے۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ کسی ریاست میں طبقاتی سروے کا اہتمام کیا گیا جو ریونت ریڈی حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے ہر گاؤں میں جئے بھیم جئے باپو جئے سمویدھان کے عنوان سے پروگراموں کے انعقاد کا مشورہ دیا اور کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کو اس سلسلہ میں ایک کیلنڈر تیار کرنا چاہئے ۔ دیہی علاقوں تک پارٹی اور اس کے پروگراموں کو پہنچانے پر توجہ دی جائے ۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ وہ کانگریس کارکنوں کے ٹیلیفون کال کا جواب ضرور دیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ فلیکسی اور فوٹو لگانے والے قائدین الیکشن میں کامیاب نہیں ہوسکتے بلکہ عوام کے درمیان رہنے والے قائدین کامیاب ہوتے ہیں۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ میرے استقبال کیلئے قائدین کو ریلوے اسٹیشن آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میرا بیاگ کسی کو اٹھانے کی ضرورت نہیں۔ اگر مجھ میں بیاگ اٹھانے کی طاقت نہ ہو تو اس وقت میں آپ کی مدد طلب کروں گی۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ میں کسی بھی کارکن کی عزت نفس کو مجروح کرنا نہیں چاہتی۔ آپ اپنے کام میں مصروف رہیں اور میرے استقبال کیلئے اسٹیشن آنے کی زحمت نہ کریں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے توسیعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی پروگراموں اور حکومت کے فیصلوں کو عوام تک پہنچانا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ یہ کام صرف ایک دن میں مکمل ہونے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی پرچم اٹھانے والے کارکنوں کو ضرور شناخت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی کارکنوں کو پارٹی اور حکومت میں عہدے دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض کارکن ابھی تک عہدوں سے محروم ہیں ، حالانکہ کئی برسوں سے انہوں نے پارٹی کیلئے کام کیا ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ ایسے کارکنوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں پارٹی اور سرکاری عہدوں میں شامل کریں۔ انہوں نے کارپوریشنوں ، مارکٹ کمیٹیوں اور نامزد عہدوں کو جلد پر کرنے کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انچارج وزراء کو ہدایت دی گئی ہے کہ 10 مارچ تک اپنے اضلاع میں نامزد عہدوں پر تقررات مکمل کرلیں۔ چیف منسٹر نے واضح کردیا کہ جن قائدین کو عہدے حاصل ہوچکے ہیں انہیں پارٹی کیلئے محنت کرنی ہوگی۔ جو لوگ بہتر کارکردگی سے محروم رہیں گے ، انہیں عہدوں کی تجدید نہیں کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے قائدین اور کارکنوں سے کہا کہ اچھائیوں کو مائیک پر کہیں اور کوئی شکایت ہو تو اسے کان میں کہیں۔ چیف منسٹر نے حکومت کی مختلف اسکیمات کا ذکر کیا جس میں آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر ، 200 یونٹ مفت برقی ، 500 روپئے گیس سلینڈر ، رعیتو بھروسہ کے تحت 12000 کروڑ کی اجرائی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو ملک کے وزیراعظم کے عہدہ پر فائز کرنے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ تلنگانہ میں پارٹی کو برسر اقتدار لانے کیلئے جس طرح محنت کی گئی ، ہم مرکز میں کانگریس کو برسر اقتدار لانے کی جدوجہد کریں گے اور راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانا ہمارا واحد ایجنڈہ رہے گا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور مختلف قائدین نے خطاب میں حکومت کی اسکیمات کے فوائد عوام تک پہنچانے اور پارٹی کو متحدہ طور پر مستحکم کرنے پر زور دیا۔1