غزہ جنگ ختم کرکے تین ہزار سال میں پہلی بار امن قائم کیا،ٹرمپ کا دعویٰ

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن، 19 دسمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اپنی کامیابیوں کو اجاگر کیا، تارکینِ وطن کو نشانہ بنایا اور اپنے ڈیموکریٹک پیش رو پر شدید تنقید کی۔ اگرچہ عام طور پر امریکی صدور وائٹ ہاؤس سے قوم سے خطاب کسی بڑے اعلان کیلئے کرتے ہیں تاہم بدھ کو ٹرمپ نے اپنے 19 منٹ طویل خطاب کو اس بیانیے کے فروغ کیلئے استعمال کیا کہ ملک اچھی سمت میں جا رہا ہے ، ایسے وقت میں جب ان کی مقبولیت میں کمی دیکھی جارہی ہے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ‘ہماری قوم مضبوط ہے ۔،امریکہ کو عزت حاصل ہے اور ہمارا ملک پہلے سے بہت زیادہ طاقت کے ساتھ واپس آ چکا ہے ، ہم ایسے معاشی عروج کے قریب ہیں جس کی مثال دنیا نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔’ صدر ٹرمپ نے خطاب میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہوں نے 10 ماہ میں 8 جنگیں رکوائیں، ایران کے جوہری خطرے کو تباہ کیا اور غزہ کی جنگ ختم کر کے تین ہزار سال میں پہلی بار امن قائم کیا۔ ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں کرپٹ نظام ختم کرنے کا بھاری مینڈیٹ ملا ہے ، امریکہ میں غیرقانونی آمدورفت کا سلسلہ بندکردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بائیڈن پالیسیاں دوبارہ نافذ ہونے نہیں دی جائیں گی، بائیڈن دور میں غیرقانونی امیگرینٹس نے نوکریاں لیں، ہماری انتظامیہ میں ساری نئی نوکریاں امریکہ میں پیدا ہونے والوں کو ملیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے 18 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور فیکٹریاں قائم ہوں گی، انہوں نے اس کا سہرا اپنی ٹیرف پالیسی کو دیا۔

ٹرمپ نے 900 ارب ڈالر کے دفاعی بل پر دستخط کردیئے

واشنگٹن، 19 دسمبر (یو این آئی) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 900 ارب ڈالر کے دفاعی بل پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد یہ بل باقاعدہ طور پر قانون بن گیا ہے ۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس قانون کی منظوری کے بعد امریکی دفاعی بجٹ میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایسے قانون پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت امریکی فوجیوں کی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی سینیٹ نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا 901 ارب ڈالر کا دفاعی بل منظور کیا تھا، بل کے حق میں 77 اور مخالفت میں 20 ووٹ آئے تھے ۔ امریکی دفاعی بجٹ میں فوجیوں کی تنخواہوں میں اضافہ، رہائش میں بہتری کا منصوبہ شامل ہے ۔ 3ہزار 86 صفحات پر مشتمل اس بل کی اہم شقوں میں یوکرین کیلئے 800 ملین ڈالر کی رقم شامل ہے ، جس کے تحت آئندہ دو برسوں کیلئے ہر سال 400 ملین ڈالر یوکرین سکیورٹی اسسٹنس انیشی ایٹو کے تحت فراہم کیے جائیں گے ۔ دفاعی بل کے مطابق اسرائیل کیلئے 600 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جن میں آئرن ڈوم جیسے مشترکہ میزائل دفاعی منصوبوں کیلئے فنڈز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بل میں شام کے سابق صدر بشار الاسد کی حکومت کے دور میں عائد کی گئی سیزر پابندیوں کے خاتمے کی شق بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ قانون کے تحت یورپ میں امریکی افواج کی تعداد 76 ہزار سے کم کرنے سے قبل اس کے امریکی سلامتی پر ممکنہ اثرات کا باقاعدہ تجزیہ کرنا بھی پینٹاگون کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے ۔