غزہ ؍ نیویارک: نو فلسطینی امریکیوں نے جمعرات کو امریکی حکومت کیخلاف مقدمہ دائر کر دیا جس میں الزام لگایا کہ وہ غزہ جنگ کے دوران انہیں یا ان کے خاندان کے افراد کو بچانے میں ناکام رہی ہے۔ مقدمہ میں محکمہ خارجہ پر الزام لگایا گیا ہیکہ وہ فلسطینی نژاد امریکیوں کو جنگی علاقہ میں بے یار و مددگار چھوڑ کر ان کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے اور ان کے فوری انخلاء اور حفاظت کیلئے ویسی کوشش نہیں کر رہا ہے جیسا کہ اسی طرح کے حالات میں دیگر امریکیوں کیلئے کی جاتی ہیں۔ اس ہفتے امریکی حکومت کیخلاف یہ دوسرا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ فلسطینی خاندانوں نے منگل کو واشنگٹن کی طرف سے اسرائیلی فوج کی حمایت کرنے پر امریکی محکمہ خارجہ کیخلاف مقدمہ دائر کیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ محکمہ زیر التواء قانونی معاملات پر کوئی تبصرہ نہیں کرتا جبکہ مزید یہ کہا کہ دنیا بھر میں امریکی شہریوں کی حفاظت اور سلامتی اس کی اولین ترجیح ہے۔جمعرات کے مقدمے کا اعلان ایڈووکیسی گروپ کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز اور اٹارنی ماریا کاری نے کیا اور یہ شمالی ضلع الینوائے کی امریکی ضلعی عدالت میں دائر کیا گیا۔