غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 658 بلین ڈالر کے ساتھ ہندوستان کا دنیا میں چوتھا نمبر

   

نئی دہلی: وزیر خزانہ نرملا سیتار من نے آج راجیہ سبھا کو بتایا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 658 بلین ڈالر ہیں جو دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے ۔ ایک ضمنی سوال کے جواب میں محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر 658 بلین ڈالر تک پہنچ گئے ہیں اور یہ 11 ماہ کی درآمدات کی ادائیگی کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی معیشت کے بنیادی اصول مضبوط ہیں اور یہ مضبوط پوزیشن میں ہے ۔ روپے کی قدر میں گراوٹ پر انہوں نے کہا کہ سال 2014 سے پہلے اس کی قدر 2.5 فیصد کمی کے درمیان تھی جبکہ اب یہ گراوٹ 2.4 فیصد کے قریب ہے ۔ ایک دیگر ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرمائے کے اخراجات میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے ۔ پچھلے مالی سال کے بجٹ میں جہاں یہ 11.11 لاکھ کروڑ روپے تھا، وہیں سال 2025-26 میں یہ 11.21 لاکھ کروڑ روپے ہو گیا ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری نے کہا کہ یہ درست ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ہندوستانی مارکیٹ سے اپنا پیسہ نکال لیا ہے لیکن گزشتہ چند دنوں میں 3.84 ارب روپے بھی مارکیٹ میں واپس آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی بازار مضبوط ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام وزارتیں سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافے کے لیے خصوصی پروگرام چلا رہی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 33.4 بلین ڈالر پر آ گیا ہے اور حکومت برآمدات کو مسلسل فروغ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این آر آئیز کے لیے خصوصی کھاتہ کھولنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔