گمبھی راؤ پیٹ،سرسلہ ۔18نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) راجنا سرسلہ ضلع کے گمبھی راؤ پیٹ منڈل کے موضع لنگانہ پیٹ میں غیر قانونی ریت کی منتقلی کو روکنے کی کوشش کے دوران پولیس اہلکاروں پر پک اَپ گاڑی سے حملہ کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ اس حادثے میں پولیس کانسٹیبل اے رمیش شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں بہتر علاج کے لیے حیدرآباد کے یشودھا اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 18 نومبر کی شب تقریباً 12 بج کر 35 منٹ پر گمبھی راؤ پیٹ پولیس اسٹیشن سے وابستہ ہوم گارڈ بی مہپال (HG-1175) اور کانسٹیبل اے رمیش (PC-458) اعلیٰ عہدیداروں کی ہدایت پر بلیو کوٹ پٹرولنگ ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ اسی دوران ایلاریڈی پیٹ پولیس سب انسپکٹر کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ TS 08 EK 4981 نمبر کی اشوک لی لینڈ پک اَپ گاڑی میں غیر قانونی طور پر ریت منتقل کی جارہی ہے اور پولیس کی جانب سے روکنے کی کوشش کے باوجود گاڑی لنگانہ پیٹ کی سمت آرہی ہے۔اس اطلاع پر پولیس اہلکاروں نے لنگانہ پیٹ ہائی اسکول کے قریب گاڑی کو روکنے کے لیے ناکہ بندی کی۔ اسی دوران پک اَپ گاڑی وہاں پہنچی تو پولیس اہلکاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی۔ شکایت کے مطابق، موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے پک اَپ گاڑی کے ڈرائیور کو پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کے لیے اُکسایا۔ بتایا گیا ہے کہ ڈرائیور نے جان بوجھ کر تیز رفتار سے گاڑی پولیس اہلکاروں پر چڑھا دی۔ اس دوران ہوم گارڈ مہپال نے ایک طرف ہٹ کر اپنی جان بچالی، تاہم کانسٹیبل اے رمیش گاڑی کی زد میں آگئے۔ پک اَپ گاڑی ان پر سے گزرنے کے نتیجے میں ان کے دائیں ہاتھ اور دائیں پیر پر شدید چوٹیں آئیں۔زخمی کانسٹیبل کو فوری طور پر 108 ایمبولینس کے ذریعے اشونی اسپتال یلاریڈی منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں بہتر علاج کے لیے انہیں حیدرآباد کے یشودھا اسپتال منتقل کردیا گیا۔