ممبئی: بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ کریٹ سومیا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ مہاراشٹر حکومت نے مساجد میں نصب لاؤڈ اسپیکروں کے سلسلے میں ایک نئی گائیڈ لائن جاری کی ہے ۔ اس گائیڈ لائن کے مطابق، اب غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی مساجد میں لاؤڈ اسپیکر لگانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ان کی قانونی حیثیت اور ساخت کی جانچ کے لیے ایک مکمل سروے کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قواعد کی خلاف ورزی پر پہلی یا دوسری بار بھی تین ماہ قید کی سزا دی جا سکتی ہے ۔کریت سومیا نے بتایا کہ وہ گزشتہ 6 ماہ سے ممبئی کی ان مساجد پر کام کر رہے ہیں جہاں لاؤڈ اسپیکرز غیر قانونی طور پر نصب کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق شیواجی نگر اور گوونڈی علاقوں میں موجود 72 مساجد میں تقریباً 500 لاؤڈ اسپیکر لگے ہیں، جن میں سے 70 فیصد مساجد غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی ہیں اور ان پر لگے لاؤڈ اسپیکرز کے لیے کوئی اجازت نامہ حاصل نہیں کیا گیا ہے ۔