فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں کے ٹی آر سے دوبارہ پوچھ تاچھ کا امکان

   

اروند کمار کو بھی اینٹی کرپشن بیورو طلب کرسکتا ہے
حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) فارملہ ای ریسنگ اسکام میں اینٹی کرپشن بیورو نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور دیگر دو ملزمین سے دوبارہ پوچھ تاچھ کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی آر کے علاوہ سینئر آئی اے ایس عہدیدار اور سابق پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار اور ایچ ایم ڈی اے کے ریٹائرڈ چیف انجینئر بی ایل این ریڈی کو پوچھ تاچھ کے لئے دوبارہ طلب کیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اندرون ایک ہفتہ اینٹی کرپشن بیورو تینوں کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کرنے نوٹس جاری کرے گی۔ فارمولہ ای ریسنگ کے انعقاد کے لئے غیر قانونی طریقہ سے رقم کی اجرائی کے مسئلہ پر اینٹی کرپشن بیورو نے ایف آئی آر درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کی ہے۔ پہلے مرحلہ میں اروند کمار سے 8 جنوری، کے ٹی آر سے 9 جنوری اور ڈی ایل ایم ریڈی سے 10 جنوری کو پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔ اِس اسکام میں کابینہ کی منظوری کے بغیر 58 کروڑ روپئے جاری کرنے کا الزام ہے۔ اے سی بی نے 18 جنوری کو گرین کو کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر سے بھی پوچھ تاچھ کی جنھیں فارمولہ ای ریسنگ کے اہتمام کی اجازت دی گئی تھی۔ اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے کے ٹی آر اور اعلیٰ عہدیداروں کی دوبارہ طلبی کے فیصلہ سے فارمولہ ای ریسنگ معاملہ پھر ایک بار عوام کی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔ کے ٹی آر نے مقدمہ کو سیاسی انتقامی کارروائی سے تعبیر کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اروند کمار نے اینٹی کرپشن بیورو کو بیان دیا تھا کہ کے ٹی آر کی ہدایت پر اُنھوں نے خانگی کمپنی کو رقم جاری کی تھی۔ 1