اے سی بی نے مقدمہ درج کردیا،گورنر کی منظوری کے بعد کیس میں پیشرفت
حیدرآباد۔/19 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس ورکنگ صدر و سابق وزیر کے ٹی آر کے خلاف فارمولہ ای کار ریسنگ معاملے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کے ٹی آر کو ملزم نمبر ون بنایا گیا جبکہ آئی اے ایس آفیسر اروند کمار کو ملزم نمبر 2 اور ایچ ایم ڈی اے چیف انجینئر بی ایل این ریڈی کو ملزم نمبر 3 بنایا گیا ہے۔ اے سی بی نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ فارمولہ ای کار ریس معاملے میں سابق وزیر کے ٹی آر کے خلاف تحقیقات کی گورنر جشنو دیو ورما کی منظوری پر حکومت نے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے منگل کو اے سی بی کو مکتوب روانہ کرکے تحقیقات پر زور دیا تھا۔ اے سی بی نے پہلے ہی پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق کی شکایت پر فارمولہ ای ریس کے معاملے میں بغیر اجازت کے معاہدہ اور بغیر اجازت 46 کروڑ روپئے کی غیر ملکی کرنسی ادا کرنے کی شکایت پر کیس درج کرلیا ہے۔ اُس وقت کے اسپیشل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار چیف انجینئر کو ذمہ دار قرار دیا گیا۔ حکومت نے عہدیداروں کے خلاف تحقیقات کی اجازت دی ہے۔ کے ٹی آر کے خلاف مقدمہ درج کرنے گورنر سے اجازت طلب کی گئی تھی۔ ایک ماہ بعد گورنر نے اجازت دی جس کے بعد اے سی بی نے اپنی تحقیقات میں تیزی پیدا کردی ہے۔9 ویں، 10 ویں، 11 ویں اور 12 ویں سیزن کے کار ریس کیلئے فارمولہ ای آپریشنس ایس ٹیکسیٹ جین اور بلدی نظم و نسق کے درمیان معاہدہ طئے کیا گیا ۔ ریسنگ کا نواں سیزن نیکلس روڈ پر 10 و 11 فروری 2023 کو ہوا۔ کے ٹی آر کی منظوری سے معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔ محکمہ کے سربراہ کی حیثیت سے معاہدہ پر دستخط کے تعلق سے اروند کمار نے چیف سکریٹری کو واقف کرایا تھا۔ ریس کیلئے غیر ملکی کمپنی کو ایچ ایم ڈی اے بورڈ، محکمہ فینانس نے آر بی آئی سے منظوری حاصل کئے بغیر 55 کروڑ روپئے کی ادائیگی کی تھی جو متنازعہ بن گئی۔2