فارمیسی کے طلباء کا روشن مستقبل

   

میسکو فارمیسی کالج کا اورینٹیشن پروگرام، وی وی بساوا راؤ و دیگر کا خطاب

حیدرآباد 15 اکٹوبر (پریس نوٹ) میسکو کالج آف فارمیسی کے بی فارمیسی، فارم ڈی اور ایم فارمیسی کے طلبہ کا اورینٹیشن پروگرام میسکو آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی پروفیسر و ڈین یونیورسٹی کالج آف ٹیکنالوجی عثمانیہ یونیورسٹی، پروفیسر وی وی بساوا راؤ نے کہاکہ طلبہ کو اپنی تعلیم حاصل کرنے کا مقصد لوگوں کی خدمت رکھنا چاہئے، کیوں کہ فارمیسی ایک ایسا پیشہ ہے جو انسانیت کی خدمت کے کام آتا ہے۔ ڈاکٹر چنتا سائلو پرنسپل یونیورسٹی کالج آف ٹیکنالوجی عثمانیہ یونیورسٹی نے کہاکہ فارماسسٹ ڈاکٹر سے کم نہیں اور فارماسسٹ کا مستقبل روشن ہے بشرطیکہ وہ اپنا ریسرچ کا ذہن رکھے اور نئی نئی دوا ایجاد کرے۔اعزازی صدر میسکو ڈاکٹر غوث محی الدین علی نے کہاکہ فارماسسٹ طب کے میدان میں ڈاکٹر سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں سوائے سرجری کے وہ سب کچھ کرتا ہے۔ ڈاکٹر زماں خان نے کہاکہ میسکو کا نتیجہ 94 فیصد رہا۔ ڈاکٹر کوثر شاہین اعزازی سکریٹری میسکو نے کہاکہ میسکو کالج کا شمار تلنگانہ کے 10 بڑے کالجوں میں ہوتا ہے۔ ڈاکٹر نعیم خان ٹریژرر میسکو نے کہاکہ پہلے زمانے میں جب ڈاکٹر نہیں تھے تو دوائیوں کی تحقیق فارماسسٹ کیا کرتے تھے اور فارمیسی کے رول کی وجہ سے دنیا میں ملیریا اور دوسرے قسم کے مہلک بیماریوں کا خاتمہ ہوا۔ ڈاکٹر سمیع اللہ خان اعزازی نائب صدر و کنوینر میسکو کالج نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ بھی سخت محنت کرے اور کالج کی روایت کو برقرار رکھے۔ ابتداء میں پرنسپل ڈاکٹر ہنمنت شاستری نے کالج کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔