اقلیتی بجٹ و دیگر امور پر تبادلہ خیال ، آنکھوں کی روشنی پروگرام کی ستائش
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے پرگتی بھون پہونچکر چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی ۔ اقلیتی بجٹ کے علاوہ اقلیتوں کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ساتھ ہی آنکھوں کی روشنی پروگرام کو تلنگانہ عوام کے لیے نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس پروگرام سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی آنکھوں کا آپریشن کراچکے ہیں ۔ محمد فاروق حسین نے بتایا کہ ان کی چیف منسٹر سے ملاقات تشفی بخش رہی ہے ۔ اقلیتی بجٹ کے علاوہ اقلیتوں کے مسائل پر تبادلہ خیال ہوا ہے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود سے جو بھی بجٹ تجاویز وصول ہوئے ہیں اس کا چیف منسٹر گہرائی سے جائزہ لے رہے ہیں ۔ وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ سے اقلیتی بجٹ پر بات چیت بھی کی ہے ۔ محمد فاروق حسین نے بتایا کہ انہیں یقین ہے اس سال اقلیتی بجٹ میں معقول اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر سیکولر نظریات کے حامل ہیں ۔ فرقہ پرستوں کے خلاف آہنی دیوار بنے ہوئے ہیں اقلیتوں کے فلاح و بہبود کے معاملے میں بی آر ایس نے گذشتہ 8 سال کے دوران جو اقدامات کئے ہیں اس کی سارے ملک میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ بی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل نے آنکھوں کی روشنی پروگرام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے لاکھوں عوام کو فائدہ ہورہا ہے ۔اور عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی اپنی آنکھوں کا معائنہ کرائے ۔ حکومت کی جانب سے مفت عینکیں بھی تقسیم کی جارہی ہیں اور ساتھ ہی ضرورت مند افراد کے آپریشنس بھی کرانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔۔ ن