فرانس کے شہر لیون میں حملہ آور نے چاقو سے تین افراد کو زخمی کر دیا

   

فرانس کے شہر لیون میں اتوار کو میٹرو پر چاقو سے حملہ کرکے تین افراد کو زخمی کردیا گیا۔ حکام اور شہر کے ڈپٹی میئر نے کہا کہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سیکورٹی کے ذمہ دار ڈپٹی میئر محمد شیحی نے ’’ایکس‘‘ پر کہا کہ ہمارے دل تین زخمیوں کے ساتھ ہیں۔حملہ آور کی شناخت یا حملے کے ممکنہ محرک کے بارے میں ابھی تک کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ فرانسیسی پولیس چاقو حملے کے اس واقعے کے محرکات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ایکٹو لیون نیوز ویب سائٹ نے پولیس ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ مشتبہ شخص کی عمر 27 سال ہے اور وہ عام قانون کے تحت جرائم کے ارتکاب کے لیے پولیس میں معروف تھا۔ اس نے کسی مذہبی یا سیاسی مقاصد کا اظہار نہیں کیا۔