فرضی ڈاکٹرس کے خلاف ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے دھاوے

   

ونپرتی اور نارائن پیٹ میں کارروائیاں، غیرلائسنس یافتہ ادویات کی ضبطی
حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے ڈگری کے بغیر غیرقانونی طور پر پریکٹس کرنے والے نقلی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ادویات کے اسٹاک کو ضبط کرلیا۔ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے ونپرتی ضلع کے پنگال منڈل اور نارائن پیٹ ضلع کے نندوگرتی گاؤں میں محمد نواز میاں اور بی سرینواس گوڑ نامی فرضی ڈاکٹرس کے خلاف کارروائی کی اور ان کے کلینکس پر دھاوا کیا گیا۔ دونوں مقامات سے 55 ہزار روپئے مالیتی ادویات کا غیر قانونی اسٹاک ضبط کیا گیا جو مریضوں کیلئے رکھا گیا تھا۔ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کو باوثوق اطلاع ملنے پر غیر قانونی طور پر پریکٹس کرنے والے فرضی ڈاکٹرس کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ڈرگ لائسنس کے بغیر ہی ادویات فروخت کیلئے رکھی گئی تھیں۔ محمد نواز میاں کے پاس 28 اور بی سرینواس گوڑ کے کلینک سے 30 مختلف اقسام کی ادویات کو ضبط کیا گیا۔ دھاوے کے دوران اینٹی بائیوٹکس کا پتہ چلا اور فرضی ڈاکٹرس کی جانب سے ان ادویات کے استعمال سے دیہی عوام پر مضرت رساں نتائج برآمد ہورہے تھے۔ عہدیداروں نے کلینکس میں اسٹرائیڈس کا بھی پتہ چلایا جس کے استعمال سے انسانی جسم میں کئی عوارض پیدا ہوسکتے ہیں۔ ڈرگ انسپکٹر ونپرتی اے رشمی، ڈرگ انسپکٹر نارائن پیٹ ایس ونئے، ڈرگ انسپکٹر محبوب نگر شریمتی شیخ رابعہ اور ڈرگ انسپکٹر ناگرکرنول ایس وشواناتھ ریڈی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ یہ دھاوے کئے۔ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے عہدیداروں نے ادویات کے سیمپلس کو جانچ کیلئے روانہ کیا ہے اور رپورٹ ملنے کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایسے افراد جنہوں نے فرضی اور غیر لائسنس یافتہ افراد کو ڈرگس لائسنس کے بغیر ادویات سربراہ کی ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ رہائشی، کمرشیل اور صنعتی علاقوں میں نارکوٹکس ڈرگس اور دیگر نشیلی اشیاء کی سرگرمیوں کے بارے میں حکام کو اطلاع دیں۔ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے ٹول فری نمبر 1800-599-6969 پر صبح 10:30 تا شام 5 بجے تمام ایام کار میں شکایت کی جاسکتی ہے۔1