نئی دہلی : معروف کمپنی کے 65 سالہ سینئر ایگزیکٹو پر کولکتہ سے ابوظبی جانیوالی فلائٹ میں خاتون کو جنسی ہراساں کرنے الزام سامنے آیا ہے۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک خاتون کی جانب سے جندال اسٹیل کے سینئر ایگزیکٹو پر فلائٹ کے دوران جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ خاتون نے یہ الزام سوشل میڈیا کے ذریعہ عائد کیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ 65 سالہ دنیش کمار سراوگی نے پہلے ان سے بات چیت کی اور پھر مبینہ طور پر انہیں فحش مواد دکھانے کے بعد ہراساں کیا۔ جس پر میں خوفزدہ ہوگئی اور واش روم کی جانب بھاگ کر ایئرلائن کے عملے سے شکایت بھی کی۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ایئرلائن عملے نے ابوظبی پولیس کو واقعہ سے متعلق آگاہ کیا جنہوں نے طیارہ کی لینڈنگ کے فوراً بعد ہی ملزم کو حراست میں لے لیا، تاہم میں شکایت درج نہیں کرواسکی، کیونکہ اس سے میری بوسٹن کی کنیٹنگ فلائٹ چھوٹ جاتی۔ بی جے پی کے ایم پی اور جندال اسٹیل کے چیئرپرسن نوین جندال نے ردعمل دیتے ہوئے خاتون کو یقین دہانی کروائی کہ ایگزیکٹیو کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یاد رہے کہ خاتون کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزام کا سامنا کرنے والے دینیش سراوگی، کمپنی کے سی ای او ہیں، جو جندال اسٹیل کی ایک پروموٹر گروپ کمپنی ہے۔