فلسطین کی اسرائیل کے ساتھ صلح ، خطرناک کشیدگی ختم

   

غزہ سٹی۔6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) غزہ میں فلسطینی قائدین نے آج اسرائیل کے ساتھ عارضی صلح پر اتفاق کرلیا جس کے ساتھ تشدد میں خطرناک دو روزہ کشیدگی ختم ہوگئی جو بڑھ کر دونوں فریقوں کے درمیان 2008ء سے چوتھی جنگ میں تبدیل ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔ اسرائیلی ملٹری کی ترجمان نے اس جنگ بندی پر تبصرہ سے انکار کیا لیکن عملی طور پر کئی گھنٹوں سے اسرائیل کی طرف سے کوئی راکٹ فائر نہیں کیا گیا۔ اسرائیل نے پیر کی صبح سے غزہ کی سرحد کے اطراف مقیم برادریوں کی شہری نقل و حرکت پر پابندی ہٹادی۔ مصر نے اس معاہدے میں ثالثی کا رول ادا کیا تاکہ عداوتیں مقامی وقت 4:30 بجے صبح سے موقوف کردیئے جیائیں۔ غزہ پٹی کے اسلام پسند حکمرانوں حماس اور اس کے اتحادی گروپ اسلامی جہاد کے ایک عہدیدار نے شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر یہ بات بتائی۔ کشیدگی میں ہفتے کو اضافہ ہوا تھا جب غزہ سے راکٹ داغے گئے جس پر اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تھی۔