یروشلم : اسلامی تعاون تنظیم نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے حملوں اور نہتے فلسطینیوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ او آئی سی نے ایک بیان میں اسرائیلی افواج کی طرف سے کیے جانے والے پے در پے حملوں کو ’فیلڈ ایگزیکیشن کرائم ‘قرار دیا ، جن میں 3فلسطینی شہری شہید کیے گئے تھے۔ بیان میں واضح کیا کہ سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ہی 20 فلسطینیوں کو نام نہاد سیکیورٹی آپریشن میں شہید کیا گیا ہے۔ تنظیم نے قابض حکام کو کشیدگی کے نتائج کے لیے مکمل طور پر ذمے دار ٹھہرایا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرے۔یاد رہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح مغربی کنارے اور صحرائے نقب میں الگ الگ واقعات میں 3فلسطینی نوجوان شہید کیے تھے۔ دوسری جانب یہودی ایجنسی نے کنیسٹ کی آئینی کمیٹی کو بتایا ہے کہ ہر ہفتے 2ہزار سے زائد تارکین وطن اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔