حیدرآباد۔/5 جنوری، ( سیاست نیوز) پولیس رام گوپال پیٹ نے فلم اسٹار الوارجن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کمس ہاسپٹل میں زیر علاج سری تیجا کی عیادت سے روک دیا ہے۔ فلم اسٹار الوارجن کی جانب سے ہاسپٹل پہنچ کر زخمی لڑکے کی عیادت کی اطلاع ملتے ہی پولیس رام گوپال پیٹ الوارجن کی قیامگاہ پہنچی اور انہیں نوٹس حوالے کی۔ بتایا جاتا ہے کہ الوارجن سورہے تھے لہذا پولیس نے ان کے منیجر مورتی کو نوٹس حوالے کی۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فلم اسٹار کے ہاسپٹل پہنچنے کی صورت میں کوئی واقعہ درپیش ہو تو اس کے لئے فلم اسٹار ذمہ دار رہیں گے۔ واضح رہے کہ 4 ڈسمبر کو فلم ’ پشپا2‘ کے پریمیئر شو کے موقع پر بھگدڑ کے واقعہ میں ایک خاتون کی موت واقع ہوئی تھی جبکہ ان کا لڑکا سری تیجا شدید طور پر زخمی ہوگیا جس کا کمس ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔ الوارجن نے سابق میں بھی ہاسپٹل جانے کی کوشش کی تھی لیکن ان کے وکلاء نے مقدمہ کے پیش نظر روک دیا تھا۔ الوارجن کے والد الواروند نے ہاسپٹل پہنچ کر عیادت کی تھی۔ اسٹیشن ہاوز آفیسر رام گوپال پیٹ نے الوارجن کو نوٹس میں کہا ہے کہ آپ کے مینجمنٹ کی جانب سے اطلاع ملی ہے کہ آج صبح 10:30 بجے سندھیا تھیٹر بھگدڑ واقعہ کے زخمی کی عیادت کیلئے ہاسپٹل جارہے ہیں۔ دورہ کی صورت میں ہاسپٹل کی کارکردگی میں دشواری اور دیگر مریضوں کو مشکلات کے امکانات کے سبب دورہ پر از سر نو غور کرنے کی سفارش کرتی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ باوجود اس کے اگر ہاسپٹل جانے کا ارادہ ہو تو آپ کے مینجمنٹ کو ہاسپٹل انتظامیہ اور پولیس رام گوپال پیٹ سے اشتراک کرنا چاہیئے تاکہ دورہ کے موقع پر ہاسپٹل اور عوام کو دشواری نہ ہو۔ پولیس نے دورہ کو راز میں رکھنے کا مشورہ دیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فلم اسٹار کے دورہ کی صورت میں عوام کو مشکلات ہوسکتی ہیں۔ فلم اسٹار کی جانب سے عدم تعاون کی صورت میں اگر کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو اس کی مکمل ذمہ داری فلم اسٹار پر ہوگی۔1
واضح رہے کہ الوارجن کو نامپلی کورٹ نے ضمانت منظور کی ہے اور انہیں ہر اتوار کو پولیس چکڑ پلی کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی گئی۔1