حیدرآباد۔/12 نومبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی کی سینئر لیڈر اور فلم اسٹار وجئے شانتی توقع ہے کہ عنقریب کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گی۔ پارٹی میں نظر انداز کئے جانے سے ناراض وجئے شانتی حالیہ عرصہ میں پارٹی سرگرمیوں سے دور ہوچکی ہیں۔ کانگریس کے نائب صدر ڈاکٹر ملو روی نے وجئے شانتی کی عنقریب کانگریس میں شمولیت کی توثیق کی ہے۔ وجئے شانتی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے پروگراموں سے بھی خود کو علحدہ رکھا۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق رکن پارلیمنٹ کونڈہ وشویشور ریڈی بھی عنقریب کانگریس میں شامل ہوں گے۔ وجئے شانتی نے 1998 سے سیاسی سفر کا آغاز کیا اور 2009 میں بی جے پی سے نکل کر تلی تلنگانہ پارٹی قائم کی۔ چند ماہ بعد پارٹی کو بی جے پی میں ضم کرتے ہوئے میدک لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کیا اور کامیاب رہیں۔ 2014 میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور میدک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 2020 میں کانگریس سے استعفی دے کر بی جے پی میں شامل ہوئیں اور اب دوبارہ گھر واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔