غیر مجاز تعمیرات والے مافیا کے خلاف عدالت سے رجوع ہونے کا عزم : امجد اللہ خاں خالد
حیدرآباد۔24ستمبر(سیاست نیوز) شہر میں فٹ پاتھ تاجرین کی بے دخلی اور انہیں برخواست کرنے کے اقدامات پر مجلس بچاؤ تحریک نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ معصوم غریب عوام پر قانون نافذ کیا جا رہاہے جبکہ سیاسی سرپرستی میں ہونے والی ہمہ منزلہ تعمیرات کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے نظرانداز کیا جانے لگا ہے ۔ مجلس بچاؤ تحریک اس مسئلہ پر نہ صرف احتجاج کرے گی بلکہ سیاسی سرپرستی میں تالابوں‘ نالوں ‘ سرکاری اراضیات کے علاوہ غیر مجاز تعمیرات کے خلاف عدالت سے رجوع ہوگی۔ چنچل گوڑہ آبدار خانہ کے قریب آج جی ایچ ایم سی کی جانب سے پولیس کی نگرانی میں کی گئی کاروائی کا سابق کارپوریٹر جناب امجد اللہ خان خالد نے پہنچ کر مشاہدہ کیا ہے اور متاثرین سے ملاقات کے بعد الزام عائد کیا کہ شہر میں وصولی مافیا سرگرم ہے اور جو لوگ معمول دے رہے ہیں ان کے خلاف کاروائی نہیں کی جار ہی ہے بلکہ ان غریب تاجرین کو ہراساں کیا جا رہاہے جو کہ فٹ پاتھ پر اپنے کاروبار کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میںفٹ پاتھ پر سے قبضوں کی برخواستگی کے نا م پر چھوٹے تاجرین کو خوفزدہ کرتے ہوئے مامول وصول کیا جا رہاہے اور سیاسی قائدین بھی اس طریقہ کار سے واقف ہیں ۔ چنچل گوڑہ سڑک پر کی گئی کاروائی کے سلسلہ میں انہوں نے بتایا کہ اس سڑک پر بھی مامول کے لئے ہراساں کیا جا رہاہے اور مامول کی عدم ادائیگی کی صورت میں ڈبوں کو منہدم کروایا جانے لگا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی شہر میں جاری غیر مجاز عمارتوں کی تعمیر میں ملوث مافیا کی سرگرمیوں کے خلاف عدالت سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ شہرمیں غیر قانونی تعمیرات سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبا د کے علاوہ محکمہ پولیس کے عہدیدار بھی واقف ہیں اور ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جاتی حالانکہ غیر مجاز اور غیر قانونی تعمیرات کے سلسلہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے کئی احکام جاری کئے گئے ہیں اور ان پر عمل آوری سے گریز کرتے ہوئے صرف غریب شہریوں پر عدالتی احکامات کے نفاذ کے ذریعہ ان کے ذریعہ معاش کو ختم کیا جا رہاہے۔ ترجمان تحریک نے کہا کہ جن علاقوں سے معمول وصول نہیں ہورہا ہے ان علاقو ںمیں سیاسی کارکنوں کی جانب سے جی ایچ ایم سی عہدیدارو ںکو کاروائی کیلئے آمادہ کیا جا رہاہے جو کہ غریب عوام پر ظلم کے مترادف ہے ۔انہو ںنے بتایا کہ چنچل گوڑہ سڑک پر زائد از 20 سال سے فٹ پاتھ پر غریب کاروبار کرتے ہیں۔م