لندن: انگلینڈ میں فٹبال فیڈریشن کی تنظیم دی فٹبال اسو سی ایشن نے اعلان میں کہا ہیکہ ڈیبی ہیوٹ جنوری 2022 سے اسوسی ایشن کی چیرپرسن کا عہدہ سنبھالیں گی۔ اس طرح وہ اسوسی ایشن کی تاریخ میں پہلی خاتون سربراہ بن جائیں گی۔ اس اعلان کے ساتھ مستعفی چیئرمین گریگ کلارک کے جاں نشیں کے حوالے سے ایک عرصے سے جاری قیاس آرائیاں ختم ہو گئیں۔خیال رہے دی فٹبال اسوسی ایشن کا قیام 1863میں عمل میں آیا تھا۔سابق چیرمین کلارک گذشتہ برس نومبر میں پارلیمنٹ میں سوال و جواب کے سیشن کے دوران میں رونما ہونے والے ایک متنازعہ واقعہ کے سبب اختلاف کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔ اسوسی ایشن کی سربراہ کے طور پر نامزد خاتون ڈیبی ہیوٹ نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں سامنے آنے والے واقعات کی روشنی میں یہ انگلش فٹبال کے لئے ایک اہم لمحہ ہے ۔ کھیل میں شریک سبھی افراد کو تمام سطحوں پر طویل اور اچھے تعلق کو یقینی بنانے میں کردار ادا کرنا ہو گا۔