فٹبالرمحمد اکبر کو32 سیکنڈ میں گول کرنے کا اعزاز

   

حیدرآباد، 23 ستمبر(راست) حیدرآباد کے عالمی شہرت یافتہ سابق فٹبالر محمد اکبر نے کہا ہے کہ فٹبال نہ صرف جسمانی صحت، چستی اور توانائی برقرار رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے بلکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط، وقت کی پابندی، ٹیم ورک اور ذمہ داری کا احساس بھی پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے طلبہ اور نوجوانوں کو فٹبال کی جانب راغب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سینئر صحافی محمد نصر اللہ سے گفتگو میں محمد اکبر نیکہا کہ ماضی میں حیدرآباد کے گلی کوچوں اور میدانوں میں فٹبال کا گرمجوشی کا ماحول تھا، تاہم وقت کے ساتھ اس کھیل کی سرگرمیوں میں کمی آئی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو شہر کے مختلف کھیل کے میدانوں کو دوبارہ فعال کرتے ہوئے فٹبال کے لیے بنیادی سہولیات فراہم کرنی چاہئیں۔1952 میں منگل ہاٹ، حیدرآباد میں پیدا ہونے والے محمد اکبرکے چھ بھائی بھی فٹبال کے کھلاڑی رہے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کے بھائی محمد حبیب ہندوستان کے معروف فٹبالر رہے، جنہیں ارجن ایوارڈ سے نوازاگیا اور مجسمہ کولکاتا اسٹیڈیم کے روبرو نصب ہے۔