فیس ریمبرسمنٹ اسکیم کیلئے سفید راشن کارڈ کا لزوم

   

غیر مستحق امیدواروں کو علیحدہ کرنے حکومت کی تجویز
حیدرآباد۔ 16 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے فیس ریمبرسمنٹ اسکیم پر عمل کیلئے نئے رہنماخطوط طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تعلیمی اداروں کی جانب سے اسکیم کے بیجا استعمال کو روکا جاسکے۔ فیس ریمبرسمنٹ بقایاجات کی اجرائی کا مطالبہ کرکے خانگی تعلیمی اداروں نے حال ہی میں ہڑتال کی تھی۔ حکومت نے فیس ریمبرسمنٹ اسکیم پر موثر عمل کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جس میں خانگی تعلیمی اداروں کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے فیس ریمبرسمنٹ اسکیم کیلئے سفید راشن کارڈ کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ طالب علم کو سفید راشن کارڈ کا حامل ہونا ضروری ہے۔ غریب اور مستحق امیدواروں کو فیس ریمبرسمنٹ اسکیم سے مستفید کرنے حکومت نے سفید راشن کارڈ کی شرط لگائی ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ غریب اور مستحق خاندانوں کو اسکیم کے فوائد سے فائدہ پہنچانے یہ شرط عائد کی گئی۔ سفید راشن کارڈ کی شرط سے غیر مستحق امیدواروں کو اسکیم سے علیحدہ کرنے میں مدد ملے گی۔ حکومت نے تعلیمی اداروں کی بے قاعدگیوں پر نظر رکھنے ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کو ذمہ داری دی ہے۔ خانگی تعلیمی اداروں نے ویجلنس تحقیقات پر ناراضگی جتائی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اعلیٰ اختیاری کمیٹی جلد ہی فیس ریمبرسمنٹ اسکیم کے شرائط طے کرے گی۔ 1