فیشل مساج: چہرے کو تازگی اور چمک بخشیں

   

خوبصورت، نرم و ملائم اور شاداب جلد ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے، جس کیلئے وہ کئی طرح کے جتن کرتی ہے۔ سنگار کی دنیا میں چہرے کا فیشل بہت اہمیت کا حامل ہے۔ یہ محض وقتی خوبصورتی کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ دیر پا دلکشی و رعنائی کیلئے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔ خوبصورتی کیلئے صدیوں کا آزمودہ نسخہ مساج دورِ حاضر میں زیادہ جدت کے ساتھ خاص و عام میں فیشل کے نام سے رائج و مقبول ہے، جو چہرے کی جاذبیت اور خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔ ذیل میں مساج یا فیشل مساج کرنے کے چند مفید طریقے بتائے جا رہے ہیں: مساج کرتے وقت سب سے پہلے اپنے چہرے کو موئسچرائز کرلیں۔ موئسچرائزر قلیل مقدار میں استعمال کریں اور زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کیلئے ہر عمل کو کم از کم تین سے پانچ مرتبہ دہرائیں۔ فیشل مساج میں ایکو پریشر پوائنٹس پر دباو ڈالا جاتا ہے۔ اس کیلئے ہمیشہ اپنی درمیانی انگلی کا استعمال کریں اور تقریباً تین سیکنڈ تک دباو ڈالیں۔ چہرے کی جلد جسم کے کسی بھی حصے کی بہ نسبت زیادہ حساس ہوتی ہے، اس لئے چہرے کا مساج ہمیشہ آرام سے اور نرم ہاتھوں سے کیا جائے۔ فیشل مساج کا پہلا مرحلہ ماتھے کا مساج کرنا ہے۔ اس کیلئے پہلے اپنی انگلیوں پر موئسچرائزر یا مساج جیل لگائیں۔ پھر اپنے ہاتھوں کی درمیانی اور تیسری انگلیوں کو بھووؤں کے درمیان رکھیں اور پھر آہستہ آہستہ ماتھے پر اوپر کی جانب لے کر باہر کی طرف لے جائیں تاکہ وہاں پڑنے والی جھریاں ہموار ہوجائیں۔ یہ عمل 3 سے 5 بار دہرائیں۔ دونوں کنپٹیوں پر تیسری انگلی سے 3 سیکنڈ کیلئے ہلکا سا دباؤڈالیں۔ اس سے آپ کو سکون و فرحت کا احساس ملتا ہے۔گال کا مساج کرنے کیلئے درمیانی اور تیسری انگلی کا استعمال کرتے ہوئے پیچ دار حرکت میں مساج کریں۔ اس کا آغاز ٹھوڑی سے کریں اور حرکت کرتے ہوئے انگلیوں کو کانوں کے نچلے حصے تک لے جائیں۔ پھر ناک کے اطراف والے حصے سے شروع کریں اور حرکت کرتے ہوئے انگلیوں کو کنپٹیوں تک لے جائیں۔ اس عمل کو 3بار دہرانے کے بعد کان کے بالکل نیچے ایکو پریشر پوائنٹ پر 3 سیکنڈ کیلئے انگلی سے دباو ڈالیں۔ یہ عمل جبڑے کے اطراف میں خون کی روانی میں تیزی پیدا کرتا ہے۔ ناک کا مساج کرنے کیلئے انگلی کو ناک پر رکھ کر ہلکے ہلکے حرکت کرتے ہوئے اوپر کی جانب لے جائیں۔ اس کے بعد ناک کے اطراف انگلی کو دائرے کی صورت میں حرکت دیں تاکہ یہاں پر پڑنے والی باریک جھریاں بننے کا عمل رک جائے۔ اب ہاتھ کی تیسری انگلی کو آنکھوں کے گرد دائرے کی شکل میں بہت آہستہ سے حرکت دیں۔ پھرآنکھوں کے ایکو پریشر پوائنٹ پر دباوڈ الیں۔ یہ عمل کنپٹی سے شروع کریں اور اسکے ذرا فاصلے سے آنکھوں کے بیرونی اور بھووؤں کے اوپر حصے پر دباو ڈالیں۔ ہر پوائنٹ پر تین سیکنڈ تک دباؤڈالیں۔ اس کے بعد آنکھ کے نچلے حصے کے بالکل وسط میں تیسری انگلی رکھ کر تین سیکنڈ کیلئے دباو ڈالیں۔ یہ عمل آنکھ کے حصے میں خون کی گردش تیز کرتا ہے، جس سے جھریاں پڑنے کا عمل سست پڑ جاتا ہے۔ فیشل مساج کے آخر میں اپنے پورے چہرے کو تقریباً 30سیکنڈ کیلئے اپنی درمیانی انگلی سے ہلکے ہلکے تھپکیں۔ پھر چہرے پر نیم گرم پانی کا چھینٹا ماریں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی میں روئی کا ٹکڑا بھگو کر چہرے پرآہستہ آہستہ پھیریں تاکہ تمام مسام بند ہوجائیں۔ فیشل مکمل ہوا۔آپ خود محسوس کریں گی کہ مساج کے بعد کتنا سکون اور اطمینان حاصل ہوتا ہے۔