واشنگٹن۔13؍جولائی ( ایجنسیز ) امریکہ میں کھیلے جا رہے فیفا ورلڈ کپ2026 اپنے اختتامی مراحل میں پہنچ گیا ہے۔ سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔ ورلڈ کپ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔کیا ارجنٹینا اپنے اعزاز کا دفاع کر پائے گا یا پھر کوئی نیا چیمپئن ٹرافی لے جائے گا اس کا فیصلہ اگلے تین میچز میں ہو جائے گا۔فیفا ورلڈ کپ میں تین دن کا آرام ہے، جس میں چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیمیں اپنے اپنے ہتھیاروں کو تیز کریں گی اور تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی۔پہلا سیمی فائنل تین بار کی عالمی چیمپئن فرانس اور 2010 کی عالمی چیمپئن اسپین کے درمیان آرلنگٹن کے ڈیلاس اسٹیڈیم میں امریکی اوقات کے مطابق منگل 14 جولائی کو دوپہر 2 بجے جب کہ ہندوستانی وقت کے مطابق چہارشنبہ 15 جولائی کی شب.30 12 بجے کھیلا جائے گا۔فرانس کوارٹر فائنل میں یکطرفہ مقابلے کے بعد حریف ٹیم کو دو صفر سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچی ہے جب کہ اسپین نے بلیجیئم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے زیر کر کے فائنل فور میں قدم رکھا ہے۔یہ میچ دفاعی چیمپئن کپتان اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے ساتھ گولڈن بوٹ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل فرانسیسی کپتان کیلیان ایمباپے کے لیے بھی اہم ہوگا کہ وہ جہاں اپنی کارکردگی سے ٹیم کو فائنل میں پہنچا سکتے ہیں وہیں وہ گول کر کے میسی سے آگے بھی نکل سکتے ہیں۔اس وقت دونوں اسٹار کھلاڑی ٹورنامنٹ میں 8، 8 گول کر کے برابری کی پوزیشن پر ہیں۔دوسرا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن اور تین بار فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھانے والی ٹیم ارجنٹینا اور 1966 میں پہلی اور آخری بار ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم انگلینڈ کے درمیان اٹلانٹا میں کھیلا جائے گا۔یہ میچ امریکی وقت کے مطابق 15 جولائی کو سہ پہر 3 بجے جب کہ ہندوستانی وقت کے مطابق جمعرات 16 جولائی کو رات.30 12 بجے کھیلا جائے گا۔ارجنٹینا کی ٹیم جہاں اپنے کپتان لیونل میسی پر پورا بھروسہ کر رہی ہے وہیں انگلینڈ کی امیدیں ہیری کین اور جوڈ بلینگھم سے لگی ہوئی ہیں۔