قاتلوں کا سماجی بائیکاٹ کرکے کھل کر نفرت کا اظہار کیا جائے

   

مرتضیٰ پہلوان کا قتل ’ سیاسی قتل ‘ ۔ مجلس افراد خاندان کے ساتھ ہے ۔ صدر مجلس اسد الدین اویسی
حیدرآباد۔24۔نومبر(سیاست نیوز) قاتلوں کا سماجی بائیکاٹ کرکے ان سے کھل کر نفرت کا اظہار کیا جانا چاہئے تاکہ ان کی حوصلہ شکنی ہواور قانون کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ قاتلوں کو سزاء دلوانے سنجیدہ اقدامات کرے۔جیل کو منصوبہ بندی مراکز میں تبدیل ہونے سے محفوظ رکھنے محکمہ محابس کو ڈائرکٹر جنرل پولیس کے تحت لانے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی نے محمد مرتضیٰ علی کے قتل پرشدید ردعمل ظاہر کرکے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ جو لوگ قتل کے واقعات میں ملوث ہیں وہ درحقیقت معاشرہ کیلئے ناسور ہیں اور اس ناسور کے خاتمہ کیلئے پولیس اور قانون کو سخت موقف اختیار کرنا چاہئے ۔ انہوں مرتضیٰ پہلوان کے قتل کو ’سیاسی قتل‘ قراردیتے ہوئے کہا کہ اس قتل کے پس پردہ افراد کے متعلق تحقیق کی جانے چاہئے اور قاتل جنہیں حراست میں لیا جائے گا ان کے خلاف منصوبہ بند جرائم سے متعلق دفعات لگاتے ہوئے معاملہ کی تحقیق ہونی چاہئے ۔ صدرمجلس نے کہا کہ مرتضیٰ پہلوان کے خاندان کے ساتھ مجلس کھڑی تھی اور کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ قاتلوں کی حوصلہ افزائی کسی صورت میں ناقابل برداشت ہے ۔ انہوں نے پولیس سے اپیل کی کہ وہ معاملہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بناکر قانون کے مطابق کاروائی کرے اور جو لوگ قتل میں ملوث ہورہے ہیں ان کو کیفر کردار تک پہنچا کر مجرمانہ پس منظر کے حامل افراد میں خوف پیدا کیا جائے ۔ بیرسٹراویسی نے بتایا کہ شہر میں قتل کے واقعات پر وہ مسلسل پولیس سے یہ کہہ رہے ہیں کہ ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو اس کیلئے سخت کاروائی کی جائے ۔ انہوںنے قتل واقعات کی تحقیقات کیلئے پولیس میں علحدہ شعبہ و خصوصی عدالت کے قیام کے ذریعہ معینہ مدت میں مقدمات کی یکسوئی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ حکومت سے وہ اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ نمائندگی کرچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد چین کے بعد دوسراشہر ہے جہاں پر سب سے زیادہ شہریوں کی نگرانی ہوتی ہے اور 400 افراد کیلئے ایک سی سی ٹی وی کیمرہ موجود ہے اس کے باوجود حیدرآباد‘ سائبر آباد ‘ ملکا جگری کمشنریٹ میں قتل کے واقعات پیش آرہے ہیں جو افسوسناک ہے۔انہو ںنے کہا کہ معاشرہ کے ایک ذمہ دارشہری کی حیثیت سے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ قاتلوں کا بائیکاٹ کریں اور ان سے دوری بنائے رکھتے ہوئے یہ احساس دلائیں کہ قاتل نے جو گھناؤنا کا م کیا ہے اس کی کسی بھی سطح پر تائید نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے بتایا کہ جس طرح سے مرتضیٰ پہلوان کا قتل کیا گیا وہ حیوانیت کی انتہاء ہے ۔3