قبائلی تانڈوں کی ترقی پر خصوصی توجہ : رکن اسمبلی

   

مدہول ۔20 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن اسمبلی مدہول پوار راماراؤ پٹیل نے کہا کہ قبائلی تانڈوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ وہ پیر کے روز کنٹلا منڈل کے امب کانتی ٹھنڈہ میں 25 لاکھ روپئے کے فنڈز سے تعمیر ہونے والی اسکول کی چاردیواری کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ تانڈہ میں سی سی سڑکوں، خواتین کی تنظیم کی عمارت اور گودام کی تعمیر کے لیے فنڈز منظور کیے گئے ہیں، جبکہ امب کانتی تانڈہ کو اب تک تقریباً ایک کروڑ روپئے کے فنڈز فراہم کیے جا چکے ہیں۔ایم ایل اے نے ال نینو کے اثرات اور بارش کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر کسانوں کو خشک سالی برداشت کرنے والی فصلوں کی کاشت کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا۔تانڈہ پہنچنے پر مقامی افراد نے اُن کا روایتی انداز میں استقبال کیا۔ اس موقع پر خواتین کے روایتی رقص اور ڈھول کی تھاپ سے تقریب کا ماحول خوشگوار ہوگیا۔ ایم ایل اے نے تیج تہوار کی تقریبات میں بھی شرکت کی۔بعد ازاں، رکن اسمبلی نے 30 لاکھ روپئے کے فنڈز سے تعمیر ہونے والے گودام کی بھومی پوجا انجام دی۔ انہوں نے کہا کہ وینکور گاؤں کی ترقی کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے وینکور گاؤں کے میگیڈی دشرتھ اپادھیائے کے تحریر کردہ اور گائے ہوئے گیت ’’نی ماؤ پنامے‘‘ کا اجرا کیا اور کہا کہ وہ مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور تعاون جاری رکھیں گے۔ان پروگراموں میں سینئر قائدین، سرکاری عہدیداروں، سرپنچوں، سابق عوامی نمائندوں اور دیگر مقامی افراد نے شرکت کی۔