قبائیل کیلئے 10 فیصد تحفظات کا اعلان محض ایک دھوکہ: اتم کمار ریڈی

   


2014 میں جی او کا خیال کیوں نہیں آیا، وعدوں کی تکمیل میں کے سی آر ناکام

حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے درج فہرست قبائیل کے تحفظات میں اضافہ سے متعلق کے سی آر کے اعلان کو محض دھوکہ قرار دیا اور کہا کہ قبائیل کے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے تحفظات میں اضافہ اور دلت بندھو کی طرح گریجن بندھو اسکیم کا وعدہ کیاگیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے سوال کیا کہ اگر چیف منسٹر قبائیل کے تحفظات میں اضافہ کے بارے میں سنجیدہ ہیں تو پھر انہوں نے 2014 میں جی او کے ذریعہ تحفظات میں اضافہ کیوں نہیں کیا۔ انتخابات سے قریب اچانک جی او کی اجرائی کا خیال آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات سے محرومی کے نتیجہ میں قبائیل ہزاروں جائیدادوں پر تقررات سے محروم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ منوگوڑ اسمبلی حلقہ میں کامیابی کیلئے قبائیل کے تحفظات میں اضافہ اور گریجن بندھو اسکیم کا وعدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کیلئے شروع کردہ اسکیم پر موثر عمل آوری نہیں ہوئی ہے۔ کانگریس پارٹی 2014 سے قبائیل کے تحفظات کو 10 فیصد کرنے کا مطالبہ کررہی ہے اور گزشتہ آٹھ برسوں میں میں نے چیف منسٹر کو کئی مکتوب روانہ کئے۔ اتم کمار ریڈی نے تحفظات کے مسئلہ کو کئی مرتبہ پارلیمنٹ میں اٹھایا اور صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے نمائندگی بھی کی۔ تلنگانہ میں بدلتی سیاسی صورتحال اور شکست کے خوف کے تحت کے سی آر نے درج فہرست قبائیل کیلئے تحفظات اور دلت بندھو کی طرح اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ ر