قتل و سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ملزم پر پی ڈی ایکٹ

   

منچریال۔/13 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رام گنڈم پولیس کمشنریٹ احاطہ میں گوداوری کھنی و این ٹی پی سی پولیس اسٹیشن حدود میں قتل و اقدام قتل کے علاوہ سرقہ کی وارداتوں میں ملوث مجرم جی روی ورما عرف پیٹر کو حراست میں لیتے ہوئے اس پر پی ڈی ایکٹ عمل میں لایا گیا ۔ یہ بات پولیس کمشنر آف رام گنڈم کمشنریٹ مسٹر وی ستیہ نارائنا نے ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔ انہوںنے کہا کہ مجرم اس وقت کریم نگر جیل میں قید ہے۔ کریم نگر جیل عہدیداروں کی موجودگی میں رام گنڈم سی آئی مسٹر ٹی کرناکر نے کمشنر کے جاری کردہ پی ڈی ایکٹ کے احکامات حوالے کئے گئے ۔ بعد ازاں مجرم روی ورما کو ورگل سنٹرل جیل منتقل کردیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ مجرم روی ورما کے خلاف گوداوری کھنیI ٹاون پولیس اسٹیشن میں 6 کیس اور این ٹی پی سی پولیس اسٹیشن میں 2 کیس درج ہیں۔ عوام پر حملہ، ڈر و خوف میں مبتلاء کرنا، غنڈہ گردی، دھوکہ دہی، اقدام قتل، قتل، اور عوامی روز مرہ زندگی میں خلل اندازی جیسے سنگین جرائم میں ملوث پایا گیا۔