قدرتی اشیاء سے مصنوعات کی تیاری کی ترغیب

   

سنگاریڈی میں شعور بیداری و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد، طلبہ میں اسناد کی تقسیم
سنگاریڈی 3 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تارا گورنمنٹ ڈگری کالج سنگاریڈی میں انٹرنل کوالٹی ایشورنس سیل (IQAC) کے زیر اہتمام اور ایف آئی سی سی آئی لیڈیز آرگنائزیشن (FLO) حیدرآباد کے اشتراک سے ’’ہربل ہوم میڈ بیوٹی ایسنشیلز‘‘ کے موضوع پر شعور بیداری اور عملی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس پروگرام میں ایف آئی سی سی آئی فلْو کی چیئرپرسن سیتا رنجیت ریڈی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ سدھا مولا، ریسورس پرسن (پراگتی پاتھ) اور ایف آئی سی سی آئی فلْو سے وابستہ ایچ آر کلپنا بھی موجود تھیں۔اس موقع پر ماہرین نے قدرتی اجزاء کے استعمال سے گھر میں تیار کیے جانے والے مختلف اقسام کے صابن، کریم، باڈی اسکرب اور دیگر خوبصورتی سے متعلق اشیاء کی تیاری کا عملی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کیمیائی اجزاء کے متبادل کے طور پر قدرتی اشیاء کے استعمال اور ان سے مفید مصنوعات تیار کرنے کے طریقوں کی تفصیلی وضاحت کی۔ طلبہ کے علاوہ کالج کے اساتذہ نے بھی اس عملی مظاہرے میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے مختلف معلومات حاصل کیں۔اسی پروگرام کے دوران گزشتہ ماہ ایف آئی سی سی آئی فلْو کے تعاون سے کالج کے بی کام طلبہ کے لیے منعقدہ ٹالی پرو (Tally Pro) تربیتی پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے والے طلبہ میں مہمان خصوصی سیتا رنجیت ریڈی کے ہاتھوں اسناد تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر کالج کی انچارج اور وائس پرنسپل ڈاکٹر بی سچترا سنگھ، ڈاکٹر کے سجاتا، آئی کیو اے سی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر کے وانی، ٹالی پروگرام کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر آر کرونا اور دیگر اساتذہ موجود تھے۔کالج کی وائس پرنسپل نے کہا کہ اس طرح کی عملی ورکشاپس طلبہ میں خود روزگار کے ہنر، تخلیقی صلاحیتوں اور قدرتی مصنوعات کی تیاری سے متعلق شعور پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی مہارتوں کو فروغ دینے اور ان کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے مستقبل میں بھی اس طرح کے تربیتی پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے۔