دوحہ : قطر سے تعلق رکھنے والے اسلامی اسکالر نے کرپٹو کرنسیوں کو حرام قرار دیدیا۔ میڈیاکے مطابق انٹرنیشنل یونین آف مسلم اسکالرز کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر علی القرادغی کا کہنا ہیکہ کرپٹو یا ڈیجیٹل کرنسیاں جیسے بٹ کوائن اور اس کے دیگر ہم منصبوں میں سرمایہ کاری شرعی قانون کے تحت حرام ہے۔ اس موضوع پر گہرائی سے مطالعہ کرنے کے بعد قطر میں مقیم ڈاکٹر القرادغی اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ان سکوں میں سرمایہ کاری کو اسلام میں حرام سمجھا جاتا ہے اور اس کی ایک وجہ ’تحریم الوسائل‘ (ذرائع کی ممانعت) ہے، منی ہینڈلنگ کے ذرائع ممکنہ طور پر ’ربا‘ کے خطرے میں ڈال سکتے ہیں جس کا مطلب اسلامی قانون کے تحت تجارت یا کاروبار میں ہونے والے استحصالی فوائد ہیں جب کہ کریڈٹ یا بینک نوٹ کے برعکس ڈیجیٹل کرنسیوں کو حکومتیں ریگولیٹ نہیں کرتی ہیں۔اس موضوع پر تبصرہ کرتے ہوئے حمد بن خلیفہ یونیورسٹی میں اسلامی مالیات کے ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اسلامی مالیات کے ماہر ڈاکٹر عبدالعظیم ابوزید نے دوحہ نیوز کو بتایا کہ کرپٹو کرنسی ابھی تک درست کرنسی کے طور پر اہل نہیں ہیں کیونکہ وہ شرعی شرائط یا تقاضوں کو پورا نہیں کرتیں اور نہ ہی وہ تجارت یا سرمایہ کاری کیلئے درست ہیں۔