جسٹس وی راما سبرامنین و جسٹس بی رنجن سارنگی نے کئی درخواستوں کی یکسوئی کی، آج سیول سوسائٹی سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی (سیاست نیوز) قومی انسانی حقوق کمیشن نے آج ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں دو روزہ کھلی سماعت کا آغاز کیا ۔ تلنگانہ سے متعلق شکایات کی یکسوئی کے لئے قومی کمیشن نے حیدرآباد میں دو روزہ سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔ شکایات کی عاجلانہ یکسوئی اور سرکاری عہدیداروں کو جوابدہ بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سماعت کے پہلے دن دو ڈیویژن بنچ نے درخواست گزاروں کی سماعت کی ۔ جسٹس وی راما سبرامنین صدرنشین قومی انسانی کمیشن اور جسٹس بی رنجن سارنگی نے دو علحدہ بنچوں کی صدارت کی ۔ کمیشن کی رکن شریمتی وجئے بھارتی بھی سماعت میں شریک ہوئیں۔اہم عوامی امور کے علاوہ ایسے مسائل جن کا کمیشن نے از خود نوٹ لیا ہے ، سماعت کی گئی۔ ذات پات پر مبنی ناانصافیوں ، سماجی بائیکاٹ ، پولیس تحویل میں ہلاکتوں ، پولیس کی زیادتیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق درخواستوں کی یکسوئی کی گئی ۔ کمیشن کل حکومت کے سینئر عہدیداروں سے ملاقات کرے گا اور رضاکارانہ تنظیموں اور سیول سوسائٹیز کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے صدرنشین کمیشن اور ارکان کا استقبال کیا ۔ سماعت کے موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری ہوم روی گپتا ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیش بھاگوت ، ایڈیشنل کمشنر پولیس وکرم سنگھ مان کے علاوہ ضلع کلکٹرس اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ کمیشن نے بعض مقدمات میں درخواست گزاروں کیلئے معاوضہ کی ادائیگی کی ہدایت دی ہے۔ کمیشن نے بعض درخواستوں کی یکسوئی کیلئے عہدیداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔1