تلنگانہ میں انتخابی وعدوں پر عمل آوری، ایک لاکھ سے زائد رکنیت سازی پر سنیتا راؤ کو مبارکباد
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری (سیاست نیوز) مہیلا کانگریس کی قومی صدر الکا لامبا نے قومی سطح پر خواتین کے تحفظات پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ گاندھی بھون میں ریاستی صدر سنیتا راؤ کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الکا لامبا نے کہا کہ ملک میں خواتین اور لڑکیوں کیلئے کوئی تحفظ نہیں ہے۔ خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ خواتین کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات کریں ۔ الکا لامبا نے بتایا کہ مہیلا کانگریس کی رکنیت سازی مہم ملک بھر میں چلائی گئی جس کے تحت تقریباً 5 لاکھ خواتین نے آن لائین رکنیت حاصل کی ہے ۔ رکنیت کے معاملہ میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ایک لاکھ سے زائد خواتین نے مہیلا کانگریس کی رکنیت حاصل کی جس کے لئے وہ پارٹی صدر سنیتا راؤ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست میں کانگریس دور حکومت میں خواتین کی بھلائی اور ترقی کے اقدامات کئے گئے ۔ نریندر مودی کے 10 سالہ دور حکومت میں خواتین کو نظر انداز کردیا گیا ۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے خواتین سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی اور 500 روپئے میں گیس سلینڈر سربراہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تین انتخابی وعدوں پر عمل آوری کی گئی جبکہ عنقر یب مزید چار وعدوں پر عمل کیا جائے گا ۔ ملک میں پہلی مرتبہ تلنگانہ حکومت نے سیلف ہیلپ گروپ خواتین کیلئے پٹرول پمپ قائم کیا ہے۔ معاشی طور پر خواتین کو خود مکتفی بنانے کیلئے ریونت ریڈی حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس کے استحکام کیلئے مہیلا کانگریس کی مساعی کا ذکر کر تے ہوئے الکا لامبا نے کہا کہ ہر پولنگ بوتھ کیلئے تین مہیلا کارکنوں کو مقرر کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نامزد عہدوں میں خواتین کو مناسب نمائندگی دے گی۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ سے انہوں نے خواتین کی نمائندگی پر بات چیت کی۔ گاندھی بھون میں الکا لامبا کی آمد کے موقع پر ایک لاکھ رکنیت سازی پر جشن منایا گیا۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں انتخابی وعدوں کی تکمیل سے خواتین مطمئن ہیں اور گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے الیکشن میں خاتون رائے دہندے کانگریس کی تائید کریں گے۔1