ٹاملناڈو کے رکن پارلیمنٹ اور کسان تنظیموں کے قائدین کی ملاقات
حیدرآباد ۔6 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) قومی سیاست میں حصہ لینے کیلئے بی آر ایس کے قیام کا مختلف گوشوں سے خیرمقدم کیا جارہا ہے ۔ کسانوں اور سماج کے دیگر طبقات کی تنظیموں کے نمائندوں نے پرگتی بھون میں کے سی آر سے ملاقات کی اور مبارکباد پیش کی۔ ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ اور دلت لیڈر تروما ولاون نے کے سی آر سے ملاقات کی اور بھرپور تائید کا یقین دلایا ۔ وہ ٹاملناڈو کی وی سی کے پارٹی کے سربراہ ہیں۔ اس موقع پر کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں دلتوں کی ترقی اور بھلائی کے لئے کئی اسکیمات متعارف کی گئی ہیں۔ حکومت عنقریب حیدرآباد میں ملک بھر کی دلت تنظیموں کے نمائندوں کا اجلاس طلب کرے گی۔ دلت کانکلیو کا مقصد ملک بھر میں تلنگانہ کی طرح دلتوں کی بھلائی کی اسکیمات کے حق میں مہم چلانا ہے۔ ٹاملناڈو کے رکن پارلیمنٹ نے کے سی آر کو تہنیت پیش کی اور کہا کہ وہ تلنگانہ کی اسکیمات سے واقف ہیں اور ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ کے سی آر دلتوں کی سماجی اور معاشی ترقی میں سنجیدہ ہیں۔ دلت بندھو اسکیم کو تاریخی قرار دیتے ہوئے رکن پارلیمنٹ نے ملک بھر میں عمل آوری کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر کسان تنظیموں کے قائدین راکیش (اڈیشہ) ، سینئر جرنلسٹ ونیت نارائن (دہلی) ، سمیوکت کسان مورچہ کے قائدین گرمان سنگھ (ہریانہ) ، دشرتھ ساونت (مہاراشٹرا) اور دوسرے موجود تھے۔ ر