قومی شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام کیلئے انفرااسٹرکچر ضروری

   

ریلوے کراسنگ پر بریجس کی تعمیر کا مطالبہ
لوک سبھا میں کانگریس رکن کرن کمار ریڈی کی توجہ دہانی
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بھونگیر کے کانگریس رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی نے لوک سبھا میں قاعدہ 377 کے تحت اپنے پارلیمانی حلقہ میں قومی شاہراہ پر بڑھتے ٹریفک حادثات پر حکومت کی توجہ مبذول کرائی۔ کرن کمار ریڈی نے کہا کہ قومی شاہراہ 65 اور قومی شاہراہ 163 بھونگیر پارلیمانی حلقہ سے گذرتی ہے اور ان پر حالیہ عرصہ میں ٹریفک حادثات اور اموات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے کی ایسی کراسنگ جہاں پر کوئی نگرانکار نہیں ہے وہاں حادثات کے نتیجہ میں 25 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ اننتارم جنکشن پر 50 حادثات ہوئے اور رامچندرا پورم میں فُٹ اوور بریج کی کمی کے باعث حادثات میں 15 پیدل راہگیر زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حادثاتی موت کے معاملہ میں ہندوستان کو دنیا میں پہلا مقام حاصل ہے۔ ہر سال حادثات اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نیتن گڈکری سے درخواست کی کہ وہ ریلوے کراسنگس پر حادثات سے بچاؤ کیلئے 8 انڈر پاس، ایک فُٹ اوور بریج اور ایک سرویس روڈ تعمیر کی جائے۔ دونوں قومی شاہراہوں پر حادثاتی اموات کو روکنے میں یہ اہم رول ادا کریں گے۔ کرن کمار ریڈی نے انفرااسٹرکچر سہولتوں کو بہتر بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں قومی شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام کیلئے انسانی جانوں کے اتلاف کو روکا جاسکتا ہے۔ خصوصی توجہ دہانی کے تحت کرن کمار ریڈی نے حکومت سے درخواست کی کہ چوٹ اپل میں حاصل کردہ اراضی کے متاثرین کو جلد معاوضہ ادا کیا جائے۔1