حکومت سے جواب طلبی، اعلان پر عمل آوری کی ہدایت
حیدرآباد: تلنگانہ انسانی حقوق کمیشن نے لانس نائک فیروز خاں کے پسماندگان کو حکومت کی جانب سے امدادی رقم کی عدم منظوری پر رپورٹ طلب کی ہے۔ میڈیا میں اس سلسلہ میں خبروں کی اشاعت کے بعد کمیشن نے اپنے طور پر کارروائی کرتے ہوئے پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی اور ضلع کلکٹر حیدرآباد کو فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ سرحد پر فائرنگ میں لانس نائک فیروز خاں کی موت کے بعد 15 اگست 2014 ء کو انہیں بعد از مرگ سینا میڈل دیا گیا ۔ 2018 ء میں تلنگانہ حکومت نے سینا میڈل ایوارڈ کے لئے 30 لاکھ روپئے ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔ یکم اگست 2019 ء کو جی اے ڈی کی جانب سے جی او جاری کرتے ہوئے فیروز خاں کے پسماندگان کو رقم کی اجرائی کی ہدایت دی گئی لیکن آج تک رقم جاری نہیں ہوئی ہے۔ جنوری 2019 ء میں فیروز خاں کے پسماندگان کو مکان کیلئے 200 گز اراضی الاٹ کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے لداخ میں چینی افواج سے جھڑپ میں فوت ہونے والے کرنل سنتوش بابو کے پسماندگان کے لئے پانچ کروڑ روپئے امداد حوالے کی ہیں۔ اس کے علاوہ بیوہ کو ملازمت اور مکان کے لئے 700 گز اراضی الاٹ کی گئی ۔
