نئی دہلی : حالانکہ ایلون مسک نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی برانڈ کار ٹیسلا کو اُس وقت تک ہندوستان میں متعارف نہیں کروائیں گے جب تک اُن کے کچھ مطالبات کو تسلیم نہیں کرلیا جاتا لیکن اس کے باوجود ملک کا دولتمند اور بااثر طبقہ اس کار کو ہندوستان میں لانے کا خواہاں رہا ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بنگلورو کی سڑکوں پر ٹیسلا کار کا Y ماڈل دیکھا گیا۔ اس پوسٹ کو Carcrazy.India کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا جہاں کار کو ایک ایسے مقام پر دکھایا گیا ہے جہاں اُس کی پانی سے دھلائی کی جاتی ہے۔ تصویر میں کار کی ڈکی اور بائیں جانب کا دروازہ کھلا بتایا گیا ہے۔ مذکورہ کار میں وہ تمام سہولیات موجود ہیں جو آج کے جدید دور کی کاروں میں دستیاب ہیں۔ اس کی ابتدائی قیمت 62,990 ڈالرس اور انتہائی قیمت 83,990 ڈالرس بتائی گئی ہے۔ ٹیسلا کے ماڈل Y میں سات مسافرین اپنے سامان کے ساتھ سفر کرسکتے ہیں۔