لاٹری فراڈ کا شکار نہ ہوں،رقمی انعام کے لالچ سے دھوکہ دہی

   

نئی دہلی ۔ 31 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) رقمی انعام کی اطلاع کے ساتھ ای میل یا موبائیل فون پر میسج یا سوشیل میڈیا پر پیام ان دنوں تیزی سے عام ہوتا جارہا ہے جو دراصل دھوکہ دہی اور لاٹری فراڈ کا حصہ ہے۔ سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ یہ اسکامسٹرس کی رقم اینٹھنے کی چالیں ہوتی ہیں جس میں عوام لالچ کی وجہ پھنس جاتے ہیں۔ انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ای میل یا دیگر پیام کے ذریعہ آپ کو اطلاع دی جاتی ہے کہ آپ نے انعام جیتا ہے۔ حالانکہ آپ نے کبھی کسی لاٹری یا کامپٹیشن میں حصہ نہیں لیا ہوتا ہے۔ تاہم عام لوگ لالچ کا شکار ہوکر ای میل یا دیگر پیام میں دی گئی ہدایات کے مطابق عمل کرنا شروع کردیتے ہیں۔ سب سے پہلے ان سے فون نمبر پوچھا جاتا ہے یا آن لائین کوئی فارم پر کرنے کیلئے کہا جاتا ہے۔ اس کے بعد بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات پوچھ کر ان کو رقمی انعام کی منتقلی کے سلسلہ میں چارجس کی ادائیگی کیلئے کہا جاتا ہے۔ جیسے ہی ان کے دیئے ہوئے بینک اکاونٹ میں رقم جمع کرائی جاتی ہے، اسے وہ فوری نکال لیتے ہیں اور اس کے بعد آپ سے رابطہ بند ہوجاتا ہے ۔ وہ غیر قانونی ذرائع سے فون کال کرتے ہیں جس کی آپ ٹریکنگ نہیں کرسکتے۔ چنانچہ آپ کو دھوکہ کا احساس ہونے کے بعد جب آپ ان سے رابطہ کی کوشش کریں تو کوشش رائیگاں ہوجاتی ہے۔