لاپتہ آبدوز کے عملہ کی ہلاکت کا اعلان

   

نیویارک : امریکہ کے نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ٹائی ٹینک جہاز کے ملبہ کی سیر کو جانے والی لاپتہ آبدوز کی مالک کمپنی نے اس میں سوار افراد (عملہ)کی’افسوس ناک ہلاکت‘ کا اعلان کردیا ہے۔چھوٹے سائز کی آبدوز ٹائٹن میں برطانوی ارب پتی ہمیش ہارڈنگ اور پاکستانی ٹائیکون شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان سوار تھے۔ان کے پاس برطانوی شہریت بھی ہے۔اس میں اوشن گیٹ کے سی ای او اسٹاکٹن رش اور گہرے سمندر میں غوطہ خوری کے ماہر پال ہنری نارجیولیٹ بھی سوار تھے۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق اوشن گیٹ نے کہا کہ ہمیں اب یقین ہے کہ ہمارے سی ای او اسٹاکٹن رش، شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد، ہمیش ہارڈنگ اورہنری افسوس ناک طور پر جان کی بازی ہار گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ افراد حقیقی مہم جو تھے اورمہم جوئی کا ایک منفرد جذبہ رکھتے تھے۔ وہ دنیا کے سمندروں کی کھوج اور حفاظت کا گہرا جذبہ رکھتے تھے۔اس افسوس ناک گھڑی میں ہمارے دل ان پانچوں روحوں اور ان کے کنبوں کے ہر فرد کے ساتھ ہیں‘‘۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’یہ ہمارے مخلص ملازمین کے لیے بھی انتہائی افسوسناک وقت ہے جو اس نقصان پر شدید غم زدہ ہیں‘‘۔