لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران مساجد اور عیدگاہوں میں نماز عید الفطر کی اجازت دی جائے

   

مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے خصوصی جی او جاری کرنے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی شکیل عامر کا مطالبہ
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی محمد شکیل عامر نے چیف منسٹر کے سی آر سے اپیل کی کہ وہ 6 تا 10 بجے صبح لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران مسلمانوں کو مساجد اور عیدگاہوں میں جگہ کے لحاظ سے 30 تا 40 افراد کو عید الفطر کی نماز با جماعت ادا کرنے کی اجازت دی جائے اور اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے اسپیشل جی او جاری کیا جائے ۔ حلقہ اسمبلی بودھن کی نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی شکیل عامر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اقلیت دوست اور سیکولر قائد ہے ۔ انہیں اس معاملے میں ہمدردانہ غور کرتے ہوئے مسلمانوں کو عید الفطر کی نماز باجماعت مساجد اور عیدگاہوں میں پڑھنے کی اجازت دی جائے ۔ یہ مسلمانوں کا حق ہے ۔ جس کو نہ چھینا جائے ۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی نے پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کا حوالہ دیا جہاں اوسطاً روزانہ 20 ہزار سے زیادہ کسیس درج ہورہے ہیں مگر وہاں کی جگن موہن ریڈی حکومت نے مسلمانوں کو مساجد میں 50 افراد تک نماز پڑھنے کی اجازت دی اور دوپہر 12 بجے تک کا وقت دیتے ہوئے عید الفطر کی نماز پڑھنے کی اجازت دیتے ہوئے جی او کی اجرائی عمل میں لائی ہے ۔ لہذا وہ بھی چیف منسٹر سے اپیل کرتے ہیں مسلمانوں کو مساجد اور عیدگاہوں میں عید الفطر کی نماز پڑھنے کی اجازت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں نائیٹ کرفیو نافذ کرنے کے باوجود تمام مسلمانوں نے اس کو قبول کیا ۔ 14 مئی کو جمعہ بھی ہے ۔ وہ جمعہ کی نماز کی اجازت پر زور نہیں دے رہے ہیں بلکہ سال میں ایک مرتبہ پڑھی جانے والی عید الفطر کی نماز کی اجازت طلب کررہے ہیں ۔ ماہ رمضان میں 30 دن روزے رہنے والے مسلمان عیدگاہ اور مساجد میں عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کو دلی خوشی محسوس کرتے ہیں وہ اپنا پیغام چیف منسٹر کے سی آر تک پہونچا چکے ہیں اور وزیر داخلہ محمد محمود علی سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی اس مسئلہ پر چیف منسٹر سے بات چیت کریں اور تلنگانہ کے مسلمانوں کے جذبات سے انہیں واقف کرائے ۔ شکیل عامر نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ اگر عیدگاہوں اور مساجد میں نماز پرھنے کی اجازت ملتی ہے تو ڈسپلین کا مظاہرہ کریں اور کوویڈ 19 کے رہنمایانہ خطوط پر عمل کرتے ہوئے عید الفطر کی نمازیں ادا کریں ۔ انہوں نے عید الفطر کی نماز پر ہائی کورٹ کی تحدیدات کو بے بنیاد قرار دیا ۔۔