لاک ڈاؤن کورونا وائرس سے بچاؤ کا حل نہیں: راہول گاندھی

,

   

وباء پر قابو پانے ریاستوں کو اختیارات دینے پر زور، مزدوروں کے مسئلہ کی یکسوئی کیلئے حکمت عملی ضروری
نئی دہلی ۔ 16 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس قائد راہول گاندھی نے مہلک وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے متحدہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا ہے جس سے اب تک ملک میں تقریباً 12,000 افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کورونا وائرس سے بچاؤ کا حل نہیں ہے بلکہ یہ ایک ’’توقف کا بٹن‘‘ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے لڑائی ضلع اور ریاستی سطح پر ہونی چاہئے۔ کیرالا کے ویاناڈ میں کورونا کے خلاف کامیابی کی وجہ ضلع سطح پر مشنری کے موثر اقدامات ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی بنیادی سطح پر ہونی چاہئے۔ راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ چیف منسٹرس اور ضلع انتظامیہ کو اختیارات دیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی متحدہ طور پر ہی لڑی جاسکتی ہے۔ موجودہ صورتحال میں ارکان پارلیمنٹ کے حلقہ کی ترقی سے متعلق فنڈ کو روکنا کوئی بڑی بات نہیں ہے بلکہ متحدہ طور پر اس وائرس کا مقابلہ کرنا بہت ضروری ہے۔ اس کے لئے ہمارے اثاثوں کا استعمال کرنا ضروری ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ یہ ہنگامی صورتحال ہے ۔ اس کا مقابلہ مل کر ہی کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن ہوگیا تو اس پر اطمینان نہیں کیا جاسکتا۔ لاک ڈاؤن سے کورونا وائرس کو روکا جاسکتا ہے ، اس کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا۔ لاک ڈاون ختم ہونے پر کور ونا وائرس پھر متحرک ہوسکتا ہے ۔

راہول گاندھی نے تجویز پیش کی کہ وسائل کا موثر استعمال کیا جانا چاہئے ۔ ریاستوں کو بااختیار بنانا اور وسائل سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔ چیف منسٹرس اور ضلع انتظامیہ کو کھلے طور پر رابطہ میں رکھنا چاہئے ۔ ان کی ضرورتوں کے مطابق کام کرنا ضروری ہے۔ راہول گاندھی نے مرکزی حکومت کو زور دیا کہ وہ بڑ ے پیمانہ پر ٹیسٹنگ کے انتظامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مشتبہ مریض ہونے کی بنیاد پر جانچ کے بجائے ایک حکمت عملی تیار کی جائے اور طبی جانچ کے عمل کو وسعت دی جائے ۔ راہول گاندھی نے میڈیکل انفراسٹرکچر کے موثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔ ملک میں کورونا وائرس کے معیشت پر ہونے والے برے اثرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔ معیشت کے اہم شعبوں کے تحفظ سے متعلق غور وخوض کرنے اور موثر اقدامات کرنے پر بھی راہول گاندھی نے زور دیا ۔ کانگریس قائد نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی ابھی شروع ہوئی ہے، اس وقت اس کے خلاف کامیابی کا اعلان کرنا غلط ثابت ہوگا۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 941 مریضوں کا اضافہ ہوا ہے اور مریضوں کی تعداد 12,000 سے تجاوز کرچکی ہے ۔ ملک بھر میں لاک ڈاؤن پر موثر عمل آوری کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس سے بچنے کیلئے لاک ڈاؤن کو ہی اہم قرار دیا ہے۔