لاک ڈاؤن کے اثرات کا ’’ بریانی ‘‘ پر کوئی اثر نہیں

   

ملک بھر میں بریانی کے استعمال میں اضافہ، بڑے پیمانے پر آن لائن فروخت

حیدرآباد۔ دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کے اثرات سے ہر کوئی متاثر ہوا لیکن ’بریانی‘ پر لاک ڈاؤن کا کوئی اثر نہیں ہوا بلکہ لاک ڈاؤن کے دوران ہندستان میں ہر سیکنڈ ایک بریانی کا آرڈر موصول ہوتا رہا ہے اور بریانی نے لاک ڈاؤن کے دوران بھی اپنے اثرات کو زائل ہونے نہیں دیا بلکہ ملک بھر میں دہلی ‘ ممبئی ‘ بنگلورو کے علاوہ حیدرآباد میں بریانی کی آن لائن فروخت پر کوئی اثر نہیں پڑا بلکہ اس میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ SWIGGY کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ ہندستان کے کئی شہرو ںمیں لاک ڈاؤن کے دوران چکن بریانی کی مانگ میں کافی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور جنوری تا مارچ کے دوران جب لاک ڈاؤن نہیں تھا اس وقت تک کاروبار معمول کے مطابق رہے لیکن لاک ڈاؤن کے ساتھ ہی گھریلو آرڈرس میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ۔ SWIGGY کے ذمہ دارو ں اور آن لائن سیل کے ماہرین کا کہناہے کہ شہری علاقوں میں گھر سے آرڈر کرنے والوں کی تعداد میں 9گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دفاتر جو مکمل طور پر بند تھے ان کو دیکھتے ہوئے صورتحال ابتر ہوتی نظر آنے لگی تھی لیکن آن لائن آرڈرس میں بریانی نے دیگر اشیائے تغذیہ پر اپنی سبقت برقرار رکھی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ سال 2020کے دوران بریانی ہی ہندستانیوں کی سب سے پسندیدہ ڈش رہی ہے جبکہ لاک ڈاؤن کے دوران ترکاری پلاؤ‘ پنیر بٹر مسالہ کے علاوہ دیگر اشیاء کی مانگ میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ سال 2020کے دوران ہندستانیوں نے جن سڑک کے کنارے ملنے والی اشیاء کی کمی کو شدت سے محسوس کیا ہے ان اشیاء کو گھر تک پہنچانے کیلئے SWIGGY کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ ملک بھر میں کمپنی کی جانب سے سڑک کے کنارے اپنی اشیائے خورد ونوش کو فروخت کرنے والے 36ہزار ٹھیلہ بنڈی رانوں کو اپنے ایپلیکیشن میں شامل کیا ہے جو کہ پی ایم سواندھی اسکیم کے تحت کیا گیا ہے اس کے علاوہ SWIGGY نے ملک بھر میں 65 شہروں میں پک اپ اینڈ ڈراپ خدمات کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعہ کئی طرح کی اشیاء بلکہ بسکٹ اور چاکلیٹ بھی گھر تک پہنچانے کے کام انجام دینے شروع کئے جس کے نتیجہ میں رکھشا بندھن کے دوران SWIGGY نے 1 لاکھ 20ہزار آر ڈرس سربراہ کئے ہیں اور 6لاکھ چکن کی سربراہی کے آرڈرس مکمل کئے ہیں۔