پیرس: فرانس کی قیادت میں بہت سے یورپی ممالک لبنان میں جنگ بندی، حزب اللہ اور اسرائیلی افواج کے درمیان محاذ آرائی کو کم کرنے اور اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 پر عملدرآمد پر اپنی کوششیں مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ اس قرارداد میں اسرائیل کے ساتھ سرحد پر لبنانی فوج کی تعیناتی کی تجویز دی گئی ہے۔اسی پیشرفت کے جلو میں لبنان کے نگراں نجیب میقاتی نے فوج کی حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔جبکہ یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے اہلکار جوزف بوریل نے آج جمعرات کو پیرس میں منعقدہ سپورٹ لبنان کانفرنس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ یونین لبنانی فوج کو 2024 میں 20 ملین یورو، 2025 میں 40 ملین، اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 80 ملین یورو مدد فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی افواج ’یونیفل‘ کو ان کو دیئے گئے موجودہ مینڈیٹ کے اندر کام کرنا چاہیے تاکہ بعد میں اقوام متحدہ کی ایک قرارداد جاری کی جائے جس میں انہیں مزید کام کرنے کا اختیار دیا جائے۔لبنانی فوج کیلئے یورپی امداد کے تناظر میں ایک اطالوی سفارتی ذریعہ نے انکشاف کیا کہ فوج میں نئے یونٹوں کی بھرتی اور تربیت کیلئے بین الاقوامی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ روم جلد ہی فوج کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنی ایک کانفرنس کا اہتمام کرے گا۔