مسجد کی حالت کو بہتر بنانے محکمہ اقلیتی بہبود سے 40 لاکھ منظور
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : قلعہ گولکنڈہ سے قریب لنگر حوض میں واقع 450 سالہ قدیم مسجد قطب شاہی کی مرمت اور تزئین نو کی جارہی ہے ، جس کی مرمت کی شدید ضرورت تھی ۔ ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود نے اس کے کاموں کے لیے 40 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں ۔ شہر کی قدیم ترین مساجد میں شمار ہونے والی یہ مسجد قطب شاہی گولکنڈہ کے قریب واقع ہے ۔ کئی دہوں تک اس مسجد پر توجہ نہیں دی گئی اور یہ نظر انداز کردہ حالت میں رہی اس کے بعد اب محکمہ اقلیتی بہبود نے اس کی مرمت اور تزئین نو کرنے کا فیصلہ کیا اور ریاستی وقف بورڈ کو اس کے مرمتی کام انجام دینے کی ہدایت دی ۔ کاروان کے رکن اسمبلی کوثر محی الدین کے مطابق دو سال کے بعد فنڈس منظور کئے گئے اور جلد ہی اس کے کام شروع کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں نمائندگی کئے جانے کے بعد مذکورہ محکمہ نے وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ اس مسجد اور لنگر حوض میں واقع درگاہ حضرت سید شاہ سلطان بابا کے مرمتی کاموں کے لیے فوری طور پر 40 لاکھ روپئے جاری کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسجد قطب شاہی کی فوری مرمت کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ یہ خستہ حالت میں ہے ۔ مسجد اور درگاہ دونوں کے مرمتی اور تزئین نو کے کام شروع کئے جائیں گے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹری احمد ندیم نے دونوں عمارتوں کے کاموں کے لیے فنڈس فوری جاری کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ گولکنڈہ روڈ پر واقع اس مسجد کو روایتی قطب شاہی طرز تعمیر اور خوشنما استرکاری کے ساتھ تعمیر کیا گیا تھا ۔ لنگر حوض کے ساکن محمد حبیب نے کہا کہ ’ ہر روز اس مسجد کا ایک حصہ گرتا ہے ۔ چونے کا پلاسٹر جس سے اس مسجد کی تعمیر کی گئی تقریباً غائب ہوگیا ہے ۔ چونے کا پلاسٹر ، یہ وہ مٹیرئیل ہوتا ہے جس سے عموماً ہیرٹیج عمارتوں کی تعمیر کی جاتی ہے ، تقریبا 200 سال تک رہتا ہے ۔ جب کہ یہ مسجد زائد از چار سو سال قدیم ہے اور اس کی صحیح انداز میں دیکھ بھال نہیں کی گئی ۔۔