عوام میں خوف و ہراس ، سرشام گھروں میں بند
یلاریڈی /6 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل لنگم پیٹ میں چیتا کی پھر سے ہلچل پر عوام میں خوف و دہشت ہے ۔ منڈل کے ایلماں تانڈا میں ایک گائے کے بچھڑے پرچیتا نے حملہ کرکے ہلاک کر ڈالا ۔ ایلارم شیوار پر چیتا عوام کو نظر آنے پر چھپ کر کچھ لوگوں نے چیتا کی فون کے ذریعہ فوٹو بھی نکالی ۔ ایلماں تانڈا کے پاپا نائیک کی گائے کا بچھڑا جس کو زرعی کھیت کے پاس باندھ کر رکھا گیا تھا رات دیر گئے چیتا نے حملہ کرکے اسے ہلاک کردیا ۔ بچھڑے کی قیمت دس ہزار روپئے بتائی گئی ۔ ایلارم کے شیوار والے تالاب کے کٹہ پر چیتا نظر آنے سے اسے فون میں قید کیا گیا ۔ منڈل کے ایلارم ، ایلماں تانڈا ، پرگدا ، گاندھی نگر علاقوں میں خونخوار چیتا گھومتے رہنے پر مقامی عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔ محکمہ جنگلات کے ذمہ داروں کو اس تعلق سے ضروری اقدامات کرتے ہوئے عوام کی زندگی کو لاحق خطرہ کو دور کرنا چاہئے ۔ ورنہ آج صرف پالتو جانوروں پر حملہ کرنے والا چیتا انسانوں پر بھی حملہ کرسکتا ہے جس کی وجہ سے مواضعات کی عوام شام ہوتے ہی گھر سے باہر نکلنے سے خوف کھا رہے ہیں ۔ عوام کے دلوں سے چیتا کا خوف نکالنے کیلئے محکمہ جنگلات ذمہ داروں کو ضروری اقدامات کرنے ہوں گے ۔
