نئی دہلی: ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے لوکو پائلٹس کے بارے میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور کانگریس پارٹی کی طرف سے کہی جانے والی باتوں کوغلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پچھلے دس سال میں لوکو پائلٹس سمیت رننگ اسٹاف کی فلاح و بہبود کے لیے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں اور اس سے ان کے کام کے حالات میں بہتری آئی ہے ۔ ویشنو نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ 34 ہزار رننگ اسٹاف کو بھرتی کیا گیا ہے جبکہ 18000 دیگر کو بھرتی کیا جارہا ہے ۔ریلوے کے وزیر نے کہاکہ لوکو پائلٹ ریلوے خاندان کے اہم رکن ہیں۔ چونکہ اپوزیشن کی طرف سے ہمارے لوکو پائلٹس کے حوصلے پست کرنے کے لیے بہت ساری غلط معلومات اور ڈرامہ بازی کی جارہی ہے ۔ کام کے حالات میں بہتری کی صورت میں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ لوکو پائلٹس کے ڈیوٹی اوقات کو بغور مانیٹر کیا جاتا ہے ۔ سفر کے بعد آرام احتیاط سے فراہم کیا جاتا ہے .اوسط ڈیوٹی کے گھنٹے مقررہ گھنٹوں میں رکھے جاتے ہیں۔ اس سال جون کے مہینے میں اوسط ڈیوٹی 8 گھنٹے سے بھی کم ہے ۔ صرف ہنگامی حالات میں سفر مقررہ اوقات سے زیادہ ہوتا ہے ۔