لڑکیوں کو دینی تعلیم کا حصول بے حد ضروری

   

اجتماع برائے خواتین میں طالبات کو اسناد وخلعتیں، علماء کرام کے بیانات
حیدرآباد 16/فروری (راست) جامعۃ المؤمنات کے ریاستی اجتماع برائے خواتین و تقسیم اسناد وعطائے خلعت ودستاربندی اردو مسکن خلوت میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین نے کہا کہ عورت نصف انسانیت ہے، معاشرہ کی سدھا وبگاڑ میں عورت کے کردار کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے ۔ دورحاضر میں عورتوںپر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے شوہر کی اطاعت وفرمانبرداری کرے۔ اجتماع کی سرپرستی مولانا سید شاہ درویش محی الدین قادری نے مرتضیٰ پاشاہ نے کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کو علم حاصل کرنے کے بعد اسکو دوسروں تک پھیلانا ضروری ہے ۔علم سے انسان بلندیوں کو حاصل کرتا ہے۔ جناب مرزا رحمت بیگ نے کہا کہ لڑکیوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا بہت ضروری ہے ۔ مولانا حافظ محمد مظفر حسین خاں نے کہا کہ دین متین عین دین فطرت ہے ، اللہ نے مرد کو حاکم بناکر اس کی باگ ڈور کو چھوڑ نہیں دیا بلکہ اس پر حدود بھی لگاؤکر دئیے گئے ہیں۔ بیویوںکی کفالت بہترین انداز سے کرنا یہ مرد کی ذمہ داری ہے۔ پروفیسرمحمد قطب الدین (امریکہ ) نے کہا کہ ہم کو دین کے کاموں میںکوشاں رہنا چاہئے اسلام کیلئے ہمیںبھی ایسے ہی کام کرنا چاہئے جیسا کہ امہات المؤمنین نے اسلام کیلئے کام کیں ہیں۔ جناب سید شاہ نور الحق قادری صدر استقبالیہ نے کہا کہ دینی تربیت حاصل کرنا اور دین پرقائم رہنے کو اللہ تعالیٰ پسند فرماتا ہے ، انسان کو اچھی صحبت اور اچھی بات ترقی کا ضامن بنتی ہے ہمیںبری صحبت اور بری باتوں سے بچنا چاہئے۔ رخسانہ نازنین نے کہا کہ ہم جو علم حاصل کر رہے ہیں اسکے حاصل کرنے کے بعد عمل کرنا ضروری ہے۔ مفتیہ ناظمہ عزیز مؤمناتی نے کہا کہ علم دین حاصل کرنا ہر مسلمان مرد وعورت پر فرض ہے۔ مفتیہ تہمینہ تحسین مؤمناتی نے کہا کہ لڑکی رحمت ،نعمت،برکت ہے زحمت نہیں ۔ مفتیہ سیدہ عاتکہ طیبہ مؤمناتی نے کہا کہ شکرگزاری ہماری طرز زندگی کا ایک اہم وصف ہے جو تمام زندگی پر حاوی ہے ، بندہ جتنا شکر ادا کرتا رہے گا اس نعمتیوں میںاتنا ہی اضافہ ہوتا رہے گا۔ شکر گزاری پر کبھی عذاب کی وعید نہیں آئی۔ مفتیہ حافظہ رمصیاء افشین مؤمناتی نے کہا کہ علماء کرام انبیاء کرام کے وارث ہیں ،پانچ چیزیں عبادت ہیں کم کھانا، مسجد کو جانا ، مصحف کو دیکھنا،کعبۃ اللہ کو دیکھنا اور علماء کا دیکھنا عبادت ہے ۔مفتیہ ثوبیہ سحرمؤمناتی نے کہاکہ پردہ اسلامی شعار ہے پردہ خواتین کی تحفظ کا ضامن ہے۔ مفتیہ سیدہ ذریشما تبسم نے کہا کہ عورت کو حدود شرع میں رہتے ہوئے کسب معاش کرنا جائز ہے۔ جامعۃ المؤمنات کے(225)فارغ التحصیل طالبات جن میں الدکتورات،مفتیات، فاضلات، عالمات، مولویات، حافظاتِ قرآن کو بدست مہمان خصوصی اسناد وخلعتیں عطا کئے گئے اور سلور میڈل عطا کئے گئے۔ سیدہ سحریش مبین کو تکمیل حفظ القرآن پر گولڈمیڈل عطا کیا گیا۔